کوئٹہ، 26 اکتوبر: محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و انسدادِ منشیات بلوچستان نے ضلع قلعہ عبداللہ کی تحصیل گلستان اور سب ڈویژن دوبندی کے مختلف علاقوں میں انسدادِ بھنگ مہم 2026 کے تحت مشترکہ کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے مزید 240 ایکڑ اراضی پر بھنگ کی فصل تلف کر دی ہے۔ اس کارروائی کے بعد مہم کے آغاز سے اب تک تلف کی جانے والی غیر قانونی فصل کا مجموعی رقبہ 1,377 ایکڑ ہو گیا ہے۔
محکمہ ایکسائز کے حکام کے مطابق کارروائیوں میں اسسٹنٹ کمشنر گلستان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی نارکوٹکس فورس، ایف سی کی 77 ونگ کے کیپٹن شاویز، ڈی ایس پی گلستان اور انٹیلی جنس بیورو، ملٹری انٹیلی جنس اور ایف سی انٹیلی جنس یونٹ کے نمائندوں نے بھی حصہ لیا۔
حکام نے بتایا کہ پولیس، فرنٹیئر کور، اینٹی نارکوٹکس فورس اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ ٹیموں نے دو مختلف مقامات پر کارروائیاں کیں۔ ٹیم اے نے تحصیل قلعہ عبداللہ کے علاقوں مندانہ اور فراخی سمیت سب ڈویژن دوبندی میں کارروائی کرتے ہوئے 35 ایکڑ اراضی پر بھنگ کی فصل تلف کی، جبکہ ٹیم بی نے تحصیل گلستان کے علاقے نورک میں 205 ایکڑ اراضی کو بھنگ کی غیر قانونی کاشت سے پاک کیا۔
حکام کے مطابق انسدادِ بھنگ مہم کے تحت متعلقہ اداروں کے درمیان مربوط تعاون سے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ غیر قانونی کاشت کے مکمل خاتمے تک یہ مہم جاری رہے گی، جبکہ مشترکہ ٹیمیں منشیات کی پیداوار کی روک تھام کے لیے مزید اقدامات کرتی رہیں گی۔