لاہور: پنجاب بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1344 ٹریفک حادثات میں 10 افراد جاں بحق جبکہ 1586 زخمی ہوگئے۔ ریسکیو پنجاب کے مطابق حادثات میں شدید زخمی ہونے والے 719 افراد کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ 867 معمولی زخمیوں کو جائے حادثہ پر ہی طبی امداد فراہم کی گئی۔
ریسکیو پنجاب کے اعداد و شمار کے مطابق 74 فیصد حادثات موٹر سائیکلوں سے متعلق تھے، جس کے باعث ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد اور سڑکوں پر لین ڈسپلن کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
حادثات میں 875 ڈرائیور، 70 کم عمر ڈرائیور، 155 پیدل چلنے والے اور 566 مسافر متاثر ہوئے۔ لاہور 241 حادثات اور 293 متاثرین کے ساتھ سرفہرست رہا، فیصل آباد میں 78 حادثات میں 92 افراد جبکہ ملتان میں 74 حادثات میں 82 افراد متاثر ہوئے۔
مجموعی متاثرین میں 1264 مرد اور 332 خواتین شامل ہیں۔ 365 متاثرین کی عمر 18 سال سے کم، 812 کی عمر 18 سے 40 سال جبکہ 419 افراد کی عمر 40 سال سے زائد تھی۔
حادثات میں 1438 موٹر سائیکلیں، 92 رکشے، 152 کاریں، 22 وین، 9 مسافر بسیں، 48 ٹرک اور 85 دیگر گاڑیاں شامل تھیں۔