Daily azad
Daily azad breaking news urd newspaper quetta

وزیراعظم کا بزرگ شہریوں کے سماجی و معاشی تحفظ کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد، یکم اکتوبر 2026: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بزرگ شہریوں کے سماجی اور معاشی تحفظ کو مضبوط بنانے کے لیے پالیسی اقدامات، ادارہ جاتی اصلاحات اور عملی اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

بزرگ افراد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے پاکستان سمیت دنیا بھر کے بزرگ شہریوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے معاشرے کے سماجی، معاشی اور اخلاقی ڈھانچے میں ان کی زندگی بھر کی خدمات کو سراہا۔

وزیراعظم نے کہا کہ بزرگ شہری اجتماعی دانش، تجربے اور اقدار کے امین ہیں اور انہوں نے نسل در نسل رہنمائی اور تربیت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بزرگ شہریوں کے لیے اپنے احترام کو مؤثر پالیسیوں، ادارہ جاتی اصلاحات اور عملی اقدامات میں تبدیل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ اس سلسلے میں بزرگ افراد کے سماجی اور معاشی تحفظ کو مضبوط بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ بزرگ پنشنرز کی سہولت کے لیے ڈیجیٹل تصدیقی نظام متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت عمر رسیدہ ملازمین دفاتر میں جسمانی تصدیق کی زحمت کے بجائے گھر بیٹھے ڈیجیٹل تصدیق کے ذریعے لائف سرٹیفکیٹ حاصل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ دیگر اقدامات میں ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن کے دائرہ کار میں توسیع اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحق بزرگ شہریوں کو خصوصی مالی معاونت کی فراہمی شامل ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت فلاحی اقدامات کا دائرہ مزید وسیع کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ کوئی بھی بزرگ شہری بنیادی سماجی تحفظ سے محروم نہ رہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بین الاقوامی فریم ورک کے مطابق بزرگ افراد کے لیے سہولیات کے نظام کو بہتر بنانے پر بھی کام کر رہی ہے اور اقوام متحدہ کے تعاون سے مرتب کیے گئے میڈرڈ انٹرنیشنل پلان آف ایکشن آن ایجنگ پر عملدرآمد حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بزرگ شہریوں کے حقوق اور فلاح و بہبود کے تحفظ کے لیے قومی ترجیحات اور وعدوں کے مطابق مربوط پالیسی فریم ورک اور مسلسل ادارہ جاتی اصلاحات پر عمل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بزرگ افراد کے لیے صحت کی سہولیات تک رسائی یقینی بنانا بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ صوبائی حکومتوں کے تعاون سے سرکاری شعبے میں بزرگ شہریوں کے لیے خصوصی طبی سہولیات کو مضبوط بنانے اور ان کے لیے ہیلتھ انشورنس کوریج بڑھانے پر کام جاری ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایسا معاشرہ تشکیل دینا جو بزرگ شہریوں کے لیے عزت، احترام اور سہولیات کی ضمانت دے، انسانی فلاح و بہبود کی حقیقی عکاسی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بزرگ افراد کو سماجی زندگی میں مؤثر طور پر شامل کرنا اور انہیں معاشرتی سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنا سماجی ترقی کی علامت ہے۔

وزیراعظم نے فلاحی معاشرے کے قیام میں صوبائی حکومتوں، سول سوسائٹی کی تنظیموں اور نجی شعبے کے اہم کردار کو اجاگر کرتے ہوئے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ وفاقی حکومت کی کوششوں میں تعاون کریں۔

انہوں نے کہا کہ بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود یقینی بنانے کے لیے صرف قانون سازی کافی نہیں بلکہ ہمدردی اور احساس ذمہ داری پر مبنی معاشرے کی تشکیل کے لیے اجتماعی کوششیں بھی ضروری ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے بزرگوں کے احترام، دیکھ بھال اور معاونت کو یقینی بنائیں، کیونکہ یہ ملک کی مذہبی تعلیمات اور ثقافتی روایات سے ہم آہنگ ہے۔

انہوں نے معاشرے پر زور دیا کہ نسلوں کے درمیان تعلق اور باہمی احترام کو مزید مضبوط بنایا جائے اور ایسے مستقبل کے لیے کام کیا جائے جہاں ہر عمر کے شہریوں کی فلاح، عزت اور تحفظ یقینی ہو۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More