بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، جبکہ سرمایہ کاری کے فروغ اور سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے میں بورڈ کا کردار اہم ہے۔
وہ سبکدوش ہونے والے چیف ایگزیکٹو آفیسر قائم لاشاری کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں قائم مقام چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالمنان، بورڈ کے افسران و اہلکار اور دیگر عملے نے شرکت کی۔
بلال خان کاکڑ نے قائم لاشاری کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سرمایہ کاری کے فروغ اور ادارے کے امور کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری صوبائی معیشت کو مضبوط بنانے، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے، کاروباری سرگرمیوں میں اضافے اور مختلف شعبوں میں ترقی کی رفتار تیز کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان مقاصد کے حصول کے لیے سرمایہ کاروں کے ساتھ مؤثر رابطے اور ان کے مسائل کے حل پر خصوصی توجہ ضروری ہے۔
بلال خان کاکڑ نے کہا کہ قائم لاشاری کی پیشہ ورانہ خدمات اور تجربہ ادارے کے لیے قابل قدر رہے ہیں اور ان کی محنت و کاوشوں کو یاد رکھا جائے گا۔
اس موقع پر قائم لاشاری نے بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے افسران اور عملے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اپنے دورِ ذمہ داری کے دوران انہیں ادارے کے افسران و ملازمین کا بھرپور تعاون حاصل رہا۔
انہوں نے کہا کہ ادارے کی ترقی اور اہداف کے حصول کے لیے ٹیم ورک بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔