گلگت، 19 اگست 2026ء: صوبائی وزیر تعلیم گلگت بلتستان امان علی عامر نے گرلز ہائی سکول کواردو، سکردو میں اساتذہ کی کمی کے باعث طالبات کو درپیش تعلیمی مشکلات کی خبر کا فوری اور سخت نوٹس لے لیا ہے۔
صوبائی وزیر نے ڈائریکٹر جنرل اسکولز گلگت بلتستان فیض اللہ خان لون اور ڈائریکٹر تعلیم بلتستان ڈویژن کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرلز ہائی سکول کواردو میں اساتذہ کی کمی کا فوری جائزہ لیا جائے اور مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرتے ہوئے ضرورت کے مطابق اساتذہ کی تعیناتی عمل میں لائی جائے۔
امان علی عامر نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں زیرِ تعلیم طالبات کو معیاری اور بلا تعطل تعلیم کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ کسی بھی سرکاری سکول میں اساتذہ کی کمی کے باعث طالبات کے تعلیمی مستقبل اور تعلیمی سرگرمیوں کو متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ معاملے پر فوری عملی اقدامات کیے جائیں اور اساتذہ کی کمی کے مسئلے کا مستقل حل یقینی بنایا جائے۔