Daily azad
Daily azad breaking news urd newspaper quetta

پاکستان انجینئرنگ کونسل کا تاریخی سنگِ میل، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں چارٹرڈ پراجیکٹ ڈائریکٹرز کے پہلے بیچ کی پاسنگ آؤٹ

اسلام آباد: پاکستان انجینئرنگ کونسل نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد میں چارٹرڈ پراجیکٹ ڈائریکٹرز کے پہلے بیچ کی کامیاب تکمیل کے ساتھ ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا۔ اس پروگرام کا مقصد پاکستان میں اسٹریٹجک اور پیچیدہ انجینئرنگ منصوبوں کی منصوبہ بندی، نگرانی، گورننس اور بروقت تکمیل کے لیے پراجیکٹ قیادت کو باقاعدہ پیشہ ورانہ سرٹیفکیشن فراہم کرنا ہے۔

چارٹرڈ پراجیکٹ ڈائریکٹر سرٹیفکیشن پروگرام چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل انجینئر وسیم نذیر کے وژن کے تحت تشکیل دیا گیا۔ پروگرام کے ذریعے ایسے پراجیکٹ ڈائریکٹرز تیار کرنا مقصود ہے جو منصوبوں کی مکمل ذمہ داری سنبھالنے، بروقت اور مؤثر فیصلے کرنے، احتساب و شفافیت یقینی بنانے اور قابلِ پیمائش نتائج حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔

پاکستان انجینئرنگ کونسل کے مطابق یہ پروگرام جنوبی ایشیا میں اپنی نوعیت کا اولین اقدام ہے، جس میں منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر، لاگت میں اضافے، کمزور فیصلہ سازی، معاہداتی تنازعات اور انتظامی خامیوں جیسے مسائل سے نمٹنے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ تربیت یافتہ پراجیکٹ ڈائریکٹرز کو منصوبہ جاتی گورننس، اسٹریٹجک فیصلہ سازی، خطرات کے انتظام، معاہدہ جاتی امور، تنازعات سے بچاؤ، لاگت اور وقت کے مؤثر انتظام، شفافیت اور احتساب کے شعبوں میں جدید مہارتیں فراہم کی گئی ہیں۔

پاسنگ آؤٹ تقریب نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جس میں صدر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے چارٹرڈ پراجیکٹ ڈائریکٹر پروگرام کو ایک اہم اور منفرد اقدام قرار دیتے ہوئے پاکستان انجینئرنگ کونسل کی کاوشوں کو سراہا۔

لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے کہا کہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اس اقدام کو حکومتی سطح پر غور کے لیے باضابطہ طور پر پیش کرے گی، تاکہ پیچیدہ انجینئرنگ منصوبوں کے لیے سرٹیفائیڈ پراجیکٹ ڈائریکٹر کی اہلیت کو لازمی قرار دینے کے امکان کا جائزہ لیا جا سکے۔ انہوں نے پلاننگ کمیشن پر بھی زور دیا کہ وہ منصوبوں کی بہتر منصوبہ بندی، گورننس اور مؤثر تکمیل کے لیے اس اقدام کو سنجیدگی سے زیرِ غور لائے۔

پاکستان انجینئرنگ کونسل نے پروگرام کی کامیاب تکمیل میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے ادارہ جاتی تعاون اور شراکت کو سراہا۔ سرکاری اور نجی شعبے کے متعدد نمایاں اداروں نے پہلے بیچ کے لیے اپنے سینئر انجینئرز کو نامزد کیا، جو اس پروگرام کی قومی اہمیت اور افادیت پر اعتماد کا اظہار ہے۔

چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل انجینئر وسیم نذیر نے پراجیکٹ قیادت کو محض انتظامی ذمہ داری کے بجائے ایک خصوصی، جوابدہ اور باقاعدہ پیشہ ورانہ ذمہ داری بنانے کے وژن کو آگے بڑھایا ہے۔ توقع ہے کہ یہ پروگرام ایسے ماہر پراجیکٹ ڈائریکٹرز کی مضبوط افرادی قوت تیار کرے گا جو قومی ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت، لاگت اور مؤثر گورننس کے ساتھ مکمل کرنے میں کردار ادا کریں گے۔

پاکستان انجینئرنگ کونسل کے مطابق پہلے بیچ کی کامیاب تکمیل محض ایک سرٹیفکیشن پروگرام کا اختتام نہیں بلکہ پاکستان میں پراجیکٹ قیادت کے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔ کونسل نے تمام نئے سرٹیفائیڈ چارٹرڈ پراجیکٹ ڈائریکٹرز، شراکت دار اداروں اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کو اس اہم کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More