اسلام آباد: اپوزیشن رہنماؤں کا اہم اجلاس جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر جاری ہے، جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کی جا رہی ہے۔
اجلاس میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر، تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس، پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اسد قیصر، جنید اکبر، سلمان اکرم راجہ اور اخوندزادہ حسین یوسفزئی شریک ہیں۔
جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری، سینیٹر کامران مرتضیٰ، سینیٹر مولانا عبدالواسع، انجینئر ضیاء الرحمن اور دیگر اپوزیشن رہنما بھی اجلاس میں موجود ہیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال، اپوزیشن جماعتوں کے باہمی رابطوں اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال جاری ہے۔ اجلاس کے اختتام پر اہم فیصلوں اور آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق تفصیلات سامنے آنے کا امکان ہے۔