ژوب: محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ژوب نے منشیات کی موجودگی کی غلط اطلاع پر کوئلے سے لدے ٹرک کو خالی کرانے کے نتیجے میں ہونے والے نقصان اور وقت کے ضیاع پر متاثرہ مالکان کو 2 لاکھ 50 ہزار روپے معاوضہ ادا کردیا۔
ای ٹی او ایکسائز نعمت اللہ کاکڑ نے بتایا کہ محکمہ کو مصدقہ اطلاع ملی تھی کہ ٹرک میں کوئلے کی آڑ میں چھالیہ اسمگل کی جا رہی ہے، جس پر کارروائی کرتے ہوئے ٹرک سے کوئلہ اتروایا گیا، تاہم بعد ازاں اطلاع غلط ثابت ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ کوئلہ دوبارہ لوڈ کرنے اور وقت ضائع ہونے کے باعث ڈرائیور کو باقاعدہ معاوضہ ادا کیا گیا، جبکہ غلط اطلاع دینے والے مخبر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ان کے مطابق اسمگلنگ میں ملوث عناصر مختلف طریقے اختیار کرتے ہیں، جن میں گاڑیوں کی نمبر پلیٹ تبدیل کرنا بھی شامل ہے۔
ٹرانسپورٹ یونین کے ڈویژنل صدر عبدالجبار کاکڑ نے معاوضے کی ادائیگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ٹرک ڈرائیور کے مطابق کارروائی کے دوران ایکسائز اہلکاروں نے کسی رشوت یا غیر قانونی رقم کا مطالبہ نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز پہلے ہی امن و امان کی صورتحال کے باعث مشکلات کا شکار ہیں، اس لیے غلط اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیوں سے گریز اور اطلاعات کی مؤثر تصدیق کا نظام وضع کیا جائے۔ انہوں نے چیک پوسٹوں پر ٹرانسپورٹرز کو مبینہ طور پر بلاجواز ہراساں کیے جانے کی شکایات کا بھی ذکر کیا۔