Daily azad
Daily azad breaking news urd newspaper quetta

ماحولیاتی پالیسیوں کے فروغ کے لیے سندھ حکومت اور آغا خان یونیورسٹی میں تعاون پر اتفاق

کراچی: محکمہ ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی و ساحلی ترقی سندھ اور آغا خان یونیورسٹی کے شعبہ کمیونٹی ہیلتھ سائنسز نے ماحولیاتی تحفظ، موسمیاتی تبدیلی اور پیشہ ورانہ صحت کے شعبوں میں مشترکہ تحقیق اور تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

سیکریٹری ماحولیات فیصل عقیلی کی قیادت میں محکمہ ماحولیات کے وفد نے آغا خان یونیورسٹی کا دورہ کیا، جہاں فضائی آلودگی کی نگرانی، موسمیاتی تبدیلی کے انسانی صحت پر اثرات، ماحولیاتی تعلیم، ماحولیاتی نگرانی کے نظام کو جدید اور خودکار بنانے اور کاربن مارکیٹ کے فوائد پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں آغا خان یونیورسٹی کے ماہرین نے شدید گرمی، سیلاب اور فضائی آلودگی سمیت موسمیاتی تبدیلی کے مختلف اثرات سے انسانی صحت کو درپیش خطرات پر بریفنگ دی۔ محکمہ ماحولیات کی جانب سے کاربن مارکیٹ، رضاکارانہ و لازمی کاربن مارکیٹ اور پیرس معاہدے کے آرٹیکل 6 کے تحت منصوبوں سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔

سیکریٹری ماحولیات فیصل عقیلی نے کہا کہ ماحولیاتی اور موسمیاتی پالیسیوں کو سائنسی بنیادوں پر مضبوط بنانے کے لیے جامعات اور تحقیقی اداروں سے تعاون ناگزیر ہے۔ ڈی جی سندھ انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی ڈاکٹر عاشق علی لانگا نے کہا کہ فضائی آلودگی کی نگرانی کو انسانی صحت سے مربوط کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اجلاس میں مشترکہ تکنیکی اجلاس منعقد کرنے اور دونوں اداروں کے درمیان باقاعدہ تعاون کا طریقہ کار وضع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More