Daily azad
Daily azad breaking news urd newspaper quetta

جامع مسجد گنبد والی سبی میں جشن عید میلادالنبی ﷺ کے سلسلے میں پروقار محفلِ نعت

سبی: جشن عید میلادالنبی ﷺ کے سلسلے میں جامع مسجد گنبد والی میں ایک پروقار اور روح پرور محفلِ نعت کا انعقاد کیا گیا، جس میں اہلیانِ محلہ سمیت شہر بھر سے سینکڑوں عاشقانِ رسول ﷺ نے شرکت کی۔

محفل کے دوران فضا درود و سلام اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے معطر رہی۔ شرکاء نے انتہائی عقیدت و محبت کے ساتھ محفل میں شرکت کی اور بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔

محفلِ نعت میں سبی کے معروف نعت خواں عبدالرؤف چشتی سمیت دیگر نعت خوانوں نے خوبصورت آواز میں بارگاہِ رسالت ﷺ میں ہدیۂ نعت پیش کیا۔ نعت خوانی کے دوران شرکاء نے درود و سلام کا ورد کرتے ہوئے بھرپور عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔

محفل کے اختتام پر معروف عالمِ دین علامہ آزاد احمد نے خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے سیرتِ طیبہ ﷺ، عشقِ رسول ﷺ، تعلیماتِ نبوی ﷺ اور اسوۂ حسنہ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی حیاتِ مبارکہ پوری انسانیت کے لیے بہترین نمونہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی زندگیوں کو حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے اور سنت و سیرتِ نبوی ﷺ کو عام کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔

آخر میں ملک و قوم کی سلامتی، امن و استحکام، خوشحالی اور امتِ مسلمہ کی سربلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More