اسلام آباد، 27 اگست 2026: چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے ورلڈ بینک کے سی آر آئی ایس پی جائزہ مشن کے اختتامی اجلاس کی صدارت کی، جس میں پروگرام پر عملدرآمد، نگرانی کے مؤثر نظام اور سماجی تحفظ کے اقدامات کو مزید بہتر بنانے کے امور کا جائزہ لیا گیا۔
مشن کی قیادت سینئر سماجی تحفظ ماہر اور ٹیم لیڈر امجد ظفر خان نے کی، جبکہ سارہ نظامانی اور ورلڈ بینک کے مشیر گل نجم جامی نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں جائزے کے اہم نکات، عملی جائزہ فرم کی خدمات حاصل کرنے، انسانی وسائل کی ضروریات اور پروگرام کی مؤثر نگرانی کے لیے نظام قائم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سینیٹر روبینہ خالد نے قومی سماجی و معاشی رجسٹری کو بی آئی ایس پی کی اہم قوت قرار دیتے ہوئے درست، تازہ ترین اور معیاری اعداد و شمار برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا، تاکہ مستحق افراد کی درست نشاندہی اور سماجی تحفظ کی سہولیات کی مؤثر فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔
بعدازاں انہوں نے جرمن ادارے جی آئی زیڈ کے وفد سے ملاقات کی، جس میں صحت، غذائیت، جسمانی صفائی اور ہنرمندی کے فروغ کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سینیٹر روبینہ خالد نے خیبر پختونخوا، بالخصوص پشاور، چترال اور کوہستان میں صحت و غذائیت کے اقدامات شروع کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے بینظیر ہنرمند پروگرام کے تحت مستحقین اور ان کے اہل خانہ کے لیے صحت، گھریلو نگہداشت، تعمیرات اور مہمان نوازی کے شعبوں میں فنی تربیت کے امکانات پر بھی گفتگو کی۔
اجلاس میں آئندہ تعاون کا لائحہ عمل حتمی شکل دینے اور باہمی اشتراک کے مزید مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔