حب: ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن حب نے بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے علاوہ گیس اور پانی کی بندش کے خلاف عوامی احتجاج کی مکمل حمایت اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن حب کے صدر حمل خان مری ایڈووکیٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ بار ایسوسی ایشن ہمیشہ مظلوم اور اپنے جائز حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والے شہریوں کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور حب کے عوام کے ہر جائز مسئلے پر ان کی حمایت جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی حب کی جانب سے بجلی، گیس اور پانی کے مسائل کے خلاف کیے جانے والے پُرامن احتجاج کی مکمل حمایت کی جاتی ہے۔
حمل خان مری نے کہا کہ حب میں طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، بالخصوص وقفے وقفے سے طویل مدت تک بجلی کی بندش، نے شہریوں اور کاروباری طبقے کی مشکلات میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گیس، پانی اور بجلی بنیادی ضروریات ہیں اور ان کی مسلسل عدم فراہمی سے روزمرہ زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے۔ حب بلوچستان کا ایک اہم صنعتی اور تجارتی ضلع ہے، اس لیے بجلی کی فراہمی کی صورتحال پر فوری توجہ دی جانی چاہیے۔
صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نے متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ ختم کریں۔
انہوں نے کہا کہ اگر مسائل برقرار رہے تو بار ایسوسی ایشن عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے آئینی اور قانونی دائرہ کار میں اپنا مؤثر کردار ادا کرتی رہے گی.