حب: بلوچستان کے اہم صنعتی و تجارتی شہر حب اور اس کے مختلف علاقوں میں گیس، بجلی اور پانی کے سنگین بحران اور طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف نیشنل پارٹی نے احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر برائے بلوچستان اور سابق چیئرمین حب وڈیرہ رجب علی رند نے کہا ہے کہ منگل کو صبح 11 بجے لسبیلہ پریس کلب حب کے سامنے احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ ریلی شہر کے مختلف علاقوں سے گزرتی ہوئی سوک سینٹر پہنچے گی، جہاں بجلی کی تقسیم کار کمپنی کے دفتر کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔
رجب علی رند کے مطابق حب، ساکران، پیرکس، گڈانی اور ملحقہ علاقوں میں طویل دورانیے کی لوڈشیڈنگ کے ساتھ گیس اور پانی کی فراہمی کے مسائل نے شہریوں اور تاجروں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی کے وفد نے اس سے قبل متعلقہ انتظامی حکام سے ملاقات کرکے عوامی مسائل سے آگاہ کیا تھا اور بجلی کے مسئلے کے حل کی یقین دہانی کرائی گئی تھی، تاہم مقررہ مدت گزرنے کے باوجود صورتحال میں بہتری نہیں آئی۔
انہوں نے حب کے عوام، تاجر برادری اور متاثرہ شہریوں سے احتجاج میں شرکت کی اپیل کی۔ پاکستان سنی تحریک، مختلف سیاسی و سماجی حلقوں اور تاجروں نے بھی احتجاج کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔خبر نمبر 2: ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن حب کا عوامی احتجاج سے اظہارِ یکجہتی