کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، معاون وزیراعلیٰ برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند اور معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے آواران میں آپریشن ردّ الفتنہ کے تحت سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو سراہا ہے۔
صوبائی حکام کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے مصدقہ انٹیلیجنس اطلاعات کی بنیاد پر دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ فضائی نگرانی اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے بعد کارروائی کی گئی۔
سرکاری بیانات کے مطابق کارروائی کے نتیجے میں چار دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ ان کے ٹھکانوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ، عسکری سامان اور دیگر آلات بھی برآمد کیے گئے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ حکمت عملی اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال قابل تحسین ہے۔
شاہد رند اور بابر یوسفزئی نے کہا کہ بلوچستان کے امن اور استحکام کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے لیے کوئی جگہ نہیں اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
صوبائی قیادت نے کہا کہ حکومت بلوچستان اور عوام ملک کی بہادر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔