چلاس: ڈپٹی کمشنر دیامر لیفٹیننٹ (ر) محمد اویس عباسی نے ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کے لیے متعلقہ محکموں اور ٹھیکیداروں کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے ناقص کام اور غفلت پر قانونی کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار، کوالٹی اور مقررہ مدت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ کام میں غفلت، سستی یا ناقص معیار سامنے آنے کی صورت میں متعلقہ ٹھیکیداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری منصوبوں میں کوتاہی یا غیر معیاری کام کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمات کے اندراج، گرفتاری اور قانون کے مطابق دیگر کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔
محمد اویس عباسی نے متعلقہ محکموں اور ٹھیکیداروں کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت کے اندر شفافیت، معیار اور مطلوبہ معیارِ تعمیر کے مطابق مکمل کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری منصوبوں میں عوامی وسائل استعمال ہوتے ہیں، اس لیے ان کی بروقت تکمیل اور معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔