کوئٹہ، 7 ستمبر: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے محفوظ اور معیاری تعمیرات کے عزم کے تحت میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ نے بلڈنگ کوڈ اور تعمیراتی ضوابط پر عملدرآمد کے لیے نگرانی مزید سخت کردی ہے۔
ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ بشیر احمد بڑیچ کی ہدایات پر زرغون زون کے مانیٹرنگ سپروائزر نہال دین بگٹی نے میکانگی روڈ، عارف روڈ اور تیل گودام سمیت مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور زیر تعمیر عمارتوں کا معائنہ کیا۔
معائنے کے دوران متعلقہ ٹھیکیداروں سے تعمیراتی اجازت نامہ، منظور شدہ نقشہ اور دیگر ضروری دستاویزات طلب کی گئیں۔ جن عمارتوں پر بلڈنگ پرمٹ یا مطلوبہ دستاویزات موجود نہیں تھیں، وہاں تعمیراتی کام عارضی طور پر روکنے کی ہدایت کی گئی اور متعلقہ افراد کو ضروری دستاویزات مکمل کرکے باقاعدہ اجازت نامہ حاصل کرنے کی ہدایت دی گئی۔
میٹروپولیٹن کارپوریشن نے عمارت مالکان اور ٹھیکیداروں پر زور دیا ہے کہ تعمیر شروع کرنے سے قبل تمام قانونی منظوری اور دستاویزات مکمل کریں۔ حکام کے مطابق بلڈنگ کوڈ پر عملدرآمد کا مقصد محفوظ، مضبوط اور معیاری تعمیرات کے ساتھ ایک منظم اور خوبصورت کوئٹہ کو یقینی بنانا ہے۔