کوئٹہ، 10 ستمبر: ضلعی انتظامیہ نے عوام کو مقررہ نرخ اور وزن کے مطابق نان کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے سریاب کے مختلف علاقوں میں تندوروں کے معائنے کے دوران کم وزن نان فروخت کرنے والے پانچ افراد کو گرفتار کرلیا۔
اسسٹنٹ کمشنر بروری کاشف امر نے تندوروں کا اچانک معائنہ کیا اور نان کے وزن، سرکاری نرخنامے اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔
انتظامیہ کے مطابق بعض تندوروں پر مقررہ وزن سے کم نان فروخت کیے جانے کی نشاندہی ہوئی، جس پر پانچ افراد کو گرفتار کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی۔
اسسٹنٹ کمشنر نے تندور مالکان کو ہدایت کی کہ سرکاری نرخنامے کے مطابق نان فروخت کیا جائے اور مقررہ وزن میں کسی قسم کی کمی نہ کی جائے۔