اسلام آباد، 14 ستمبر: صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور انڈونیشیا کی بحری افواج کے درمیان تعلقات کے فروغ کے لیے خدمات کے اعتراف میں انڈونیشین بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی کو نشان امتیاز (ملٹری) عطا کردیا۔
یہ اعزاز انہیں پیر کو ایوان صدر میں منعقدہ خصوصی تقریب میں دیا گیا۔ تقریب میں چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، اراکین پارلیمنٹ اور سفارتی برادری کے ارکان نے شرکت کی۔
بعد ازاں ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے صدر مملکت سے ملاقات بھی کی، جس کے دوران آصف علی زرداری نے انہیں اعلیٰ اعزاز ملنے پر مبارکباد دی۔
ملاقات کے دوران صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
صدر زرداری نے کہا کہ بلیو اکانومی اور سمندری شعبے کی باہمی ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں جن سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے پاکستان نیوی کی جانب سے منعقد کی جانے والی مشقوں میں انڈونیشین بحریہ کی باقاعدہ شرکت کو بھی سراہا۔
انڈونیشیا کے سفیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) چندر ڈبلیو سوکوتجو بھی ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی کے ہمراہ تھے۔