اسلام آباد، 14 ستمبر: اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے کوہسار تھانے میں درج مقدمے میں نامزد خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سمیت پی ٹی آئی سے وابستہ ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور دیگر ملزمان کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم دے دیا۔
اے ٹی سی جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے پولیس کی درخواست پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو نامزد ملزمان کے پاسپورٹ مزید احکامات تک بلاک کرنے کی ہدایت کی۔
پولیس نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ بعض نامزد ملزمان عدالتی کارروائی سے بچنے کے لیے ملک سے فرار ہوسکتے ہیں۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ متعدد ملزمان عدالت میں پیش نہیں ہوئے، جبکہ عبوری ضمانت حاصل کرنے والے بعض افراد نے مبینہ طور پر تفتیش میں شمولیت بھی اختیار نہیں کی۔
عدالت نے دستیاب ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد پولیس کی درخواست منظور کرتے ہوئے ایف آئی اے کو نامزد ملزمان کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم جاری کردیا۔
مقدمے میں نامزد افراد میں خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی، اسد قیصر، شیرام طاقی، شاہ احمد، شیر علی ارباب، محمد اقبال آفریدی، ڈاکٹر امجد علی، جنید اکبر، شاہد خٹک، زبیر وزیر، عمر ایوب اور ارشد عمرزئی شامل ہیں۔
دیگر نامزد افراد میں زر عالم، میاں عمر، اختر خان، ہمایوں خان، ریاض خان، عبد الکبیر خان، طفیل انجم، آصف محسود، عجب گل، محمد عثمان، بابر سلیم سواتی، عرفان سلیم، ایڈووکیٹ علی زمان اور ملک شہاب سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔
عدالتی حکم کے مطابق مقدمے میں ریاستی اداروں پر حملوں اور دہشت گردی کے فروغ سمیت دیگر الزامات عائد کیے گئے ہیں۔