Daily azad
Daily azad breaking news urd newspaper quetta

جیوانی کے زمینداروں کا بارانی زمینوں پر ٹیکس پر نظرثانی کا مطالبہ

حکومت بلوچستان کی زراعت دوست پالیسی کے تحت زمینداروں کو درپیش مسائل کے حل، زرعی شعبے کے فروغ اور پائیدار زراعت کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

اسی سلسلے میں تحصیل جیوانی اور گردونواح کے زمینداروں کے ایک وفد نے ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع مقبول احمد بلوچ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور زمینداری سے متعلق مختلف مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

وفد نے جیوانی اور گردونواح میں زرعی سرگرمیوں کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ علاقے کی بیشتر زرعی زمینیں بارانی ہیں جہاں بارشوں کی صورت میں محدود پیمانے پر کاشت کاری ممکن ہوتی ہے، جبکہ سال کے بیشتر عرصے میں زمینیں غیر آباد رہتی ہیں۔

زمینداروں نے غیر آباد اور بارانی زمینوں پر عائد ٹیکس کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت بلوچستان سے زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے اس معاملے پر نظرثانی کی درخواست کی۔

ملاقات میں بینظیر کسان گرین کارڈ، زرعی سہولیات، زمینداروں کو درپیش دیگر مسائل اور علاقے میں زرعی سرگرمیوں کے فروغ سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع مقبول احمد بلوچ نے زمینداروں کے مسائل اور تجاویز غور سے سنیں اور یقین دلایا کہ ان کے جائز مسائل و تحفظات متعلقہ اعلیٰ حکام تک پہنچائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت دستیاب وسائل اور دائرہ اختیار کے اندر رہتے ہوئے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔ حکومت بلوچستان زراعت کے فروغ، زمینداروں کی سہولت اور جدید و پائیدار زرعی طریقوں کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More