کوئٹہ، 22 ستمبر 2026ء: دفتر صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان کوئٹہ میں صوبائی ووٹرز ایجوکیشن کمیٹی کا اجلاس صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان علی اصغر سیال کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر (ایڈمنسٹریشن) سید ندیم حیدر، جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر (الیکشنز) عبداللہ اور نادرا، لوکل گورنمنٹ، میڈیا اور سول سوسائٹی سمیت متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس کے افتتاحی کلمات میں صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان نے ووٹرز ایجوکیشن کمیٹی کے کردار اور فرائض پر روشنی ڈالتے ہوئے انتخابی عمل میں عوامی شمولیت کو مؤثر بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
شرکاء نے انتخابی عمل میں زیادہ سے زیادہ عوامی شمولیت یقینی بنانے کے لیے مختلف تجاویز اور جامع سفارشات پیش کیں۔ اجلاس میں خواتین، نوجوانوں اور معاشرے کے محروم طبقات کی مؤثر شمولیت، خواتین کے قومی شناختی کارڈز کے اجراء اور ووٹر رجسٹریشن کے عمل کو مزید مؤثر بنانے سمیت مختلف امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔
صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان نے شرکاء کی تجاویز اور فعال شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ موصول ہونے والی سفارشات کی روشنی میں ووٹر آگاہی بڑھانے اور انتخابی عمل میں عوامی شمولیت کے فروغ کے لیے مزید مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔