Daily azad
Daily azad breaking news urd newspaper quetta

گل پلازہ مینجمنٹ کمیٹی کا کراچی چیمبر انتخابات میں بی ایم جی کی حمایت کا اعلان

کراچی: گل پلازہ مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین تنویر پاستا نے بزنس مین گروپ (بی ایم جی) کی قیادت سے ملاقات کے دوران 26 ستمبر کو ہونے والے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات میں بی ایم جی کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

تنویر پاستا نے بی ایم جی کے چیئرمین زبیر موتی والا، وائس چیئرمین انجم نثار، جاوید بلوانی، میاں ابرار، طارق یوسف اور کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ریحان حنیف سے بی ایم جی کے انتخابی دفتر میں ملاقات کی۔

اس موقع پر تنویر پاستا نے کہا کہ 17 جنوری کو گل پلازہ میں پیش آنے والے سانحے کے بعد مارکیٹ کے دکاندار انتہائی مشکل صورتحال سے دوچار تھے، تاہم بی ایم جی کی قیادت نے متاثرہ تاجروں اور دکانداروں کو تنہا نہیں چھوڑا۔

انہوں نے کہا کہ سانحے کے بعد رات گئے زبیر موتی والا سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے فوری طور پر جواب دیا، جس سے مشکل وقت میں تاجروں کے ساتھ کھڑے ہونے کا احساس پیدا ہوا۔

تنویر پاستا کے مطابق جاوید بلوانی اور ان کی ٹیم نے متاثرین کے مسائل کے حل کے لیے کردار ادا کیا۔ متاثرہ دکانداروں کی ویڈیوز، دستاویزات اور دیگر ریکارڈ جمع کرکے آڈٹ کیا گیا اور معاوضے کے حصول کے لیے کوششیں کی گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ ابتدائی مرحلے میں متاثرہ دکانداروں کو عارضی طور پر پانچ، پانچ لاکھ روپے فراہم کیے گئے تاکہ وہ ایک سے دو ماہ تک گھریلو اخراجات پورے کرسکیں۔

ان کے مطابق سانحے میں جاں بحق افراد کے خاندانوں کو مجموعی طور پر تقریباً 68 کروڑ روپے معاوضہ فراہم کیا گیا جبکہ متاثرہ دکانداروں میں تقریباً ساڑھے پانچ ارب روپے تقسیم کیے گئے۔

تنویر پاستا نے کہا کہ گل پلازہ کے تاجروں اور اسٹیک ہولڈرز کا بی ایم جی قیادت کے ساتھ دیرینہ تعلق ہے اور مشکل وقت میں ملنے والی حمایت کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ گل پلازہ کے تاجر ماضی میں بھی بی ایم جی کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، اب بھی حمایت جاری ہے اور انتخابات کے روز بھی بی ایم جی کے امیدواروں کی حمایت کی جائے گی۔

انہوں نے زبیر موتی والا کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گل پلازہ کی جانب سے بی ایم جی کے امیدواروں کی انتخابی مہم اور کامیابی کے لیے بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔

ملاقات کے دوران زبیر موتی والا نے تنویر پاستا کو یقین دہانی کرائی کہ گل پلازہ کی دوبارہ تعمیر کا کام جلد شروع کیا جائے گا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More