Daily azad
Daily azad breaking news urd newspaper quetta

دادو پریس کلب کی چھت گرنے سے 9 صحافی زخمی، 3 کی حالت تشویشناک

دادو، 27 ستمبر 2026: دادو پریس کلب میں جاری جنرل باڈی اجلاس کے دوران عمارت کے ہال کی چھت اچانک گرنے سے 9 صحافی زخمی ہوگئے، جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

واقعے کے مطابق چھت کا ملبہ اجلاس میں شریک صحافیوں پر آ گرا، جس کے باعث عبدالستار شیخ، ندیم شاہانی، علی گل چنا، سجاد سولنگی، شیراز شیخ، شوکت ملاح، محرم شینو، دیدار شیخ اور شاہد کرل زخمی ہوئے۔ چھت کا ملبہ گرنے کے بعد پریس کلب میں بھگدڑ مچ گئی۔

زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں 3 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

دادو پریس کلب کے صدر نظام شیخ سمیت دیگر صحافیوں نے الزام عائد کیا کہ پریس کلب کی خستہ حال عمارت کی تعمیر و مرمت کے حوالے سے ضلعی کونسل، منتخب نمائندوں اور ڈپٹی کمشنر دادو کو متعدد بار زبانی اور تحریری طور پر آگاہ کیا گیا تھا، تاہم بروقت مرمتی کام نہیں کرایا گیا۔

صحافیوں نے ہنگامی اجلاس میں مطالبہ کیا کہ تین روز کے اندر پریس کلب کی عمارت کی تعمیر و مرمت کا کام شروع کرایا جائے، زخمی صحافیوں کے علاج کے مناسب انتظامات کیے جائیں اور مبینہ غفلت کے ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔

صحافیوں نے خبردار کیا کہ مطالبات پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں احتجاجی تحریک شروع کرنے کے ساتھ عدالت سے بھی رجوع کیا جائے گا۔

واقعے پر صحافتی، سیاسی، سماجی، ادبی اور تاجر تنظیموں کے رہنماؤں نے بھی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پریس کلب کی عمارت کی ہنگامی بنیادوں پر مرمت اور صحافیوں کے تحفظ کے لیے اقدامات کا مطالبہ کیا۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی ضلع دادو کے صدر پیر مجیب الحق، ایم این اے رفیق احمد جمالی، ڈپٹی کمشنر دادو سید مرتضیٰ علی شاہ، ایس ایس پی دادو صدام حسین خاصخیلی اور دیگر حکام نے صحافیوں کو انصاف کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ عمارت کی مرمت کا کام جلد شروع کرایا جائے گا اور غفلت کے حوالے سے تحقیقات بھی کرائی جائیں گی۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More