Daily azad
Daily azad breaking news urd newspaper quetta

صدر زرداری کا پاکستان چین اسٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

صدر آصف علی زرداری نے چین کے صدر شی جن پنگ کو چین کے قومی دن کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری، سی پیک، دونوں ممالک کی روایتی دوستی اور اسٹریٹجک تعاون پر مبنی دیرینہ شراکت داری کی واضح علامت ہے۔

اپنے تہنیتی خط میں صدر زرداری نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں اعلیٰ معیار کی ترقی پر توجہ مرکوز کی گئی ہے، جس سے مصنوعی ذہانت، قابل تجدید توانائی اور گرین مائننگ سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں میں پاکستان اور چین کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 77 برسوں کے دوران چین کی ترقی سے نہ صرف چینی عوام بلکہ دنیا بھر کے لوگوں کو بھی نمایاں معاشی اور سماجی فوائد حاصل ہوئے ہیں۔ انہوں نے کروڑوں افراد کو غربت سے نکالنے، جامع ترقی، نئی معیاری پیداواری قوتوں کے فروغ اور عالمی امور میں چین کے بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کیا۔

صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان اور چین اس سال سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ ان کے مطابق دونوں ممالک کی آہنی دوستی وقت کی آزمائش پر پوری اتری ہے اور اسٹریٹجک باہمی اعتماد اور بنیادی مفادات سے متعلق امور پر ایک دوسرے کی مسلسل حمایت کے باعث مزید مضبوط ہوئی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے صدر شی جن پنگ کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے درمیان منفرد اور خصوصی دوستی کو آگے بڑھانے، عملی تعاون کو مزید گہرا کرنے اور نئے دور میں مشترکہ مستقبل کے حامل قریبی پاکستان چین برادری کے قیام کو تیز کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

صدر زرداری نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی اور تعاون کے روابط مزید مضبوط ہوں گے، جس سے دونوں ممالک کے عوام کی خوشحالی، علاقائی امن و استحکام اور زیادہ پرامن، منصفانہ اور باہمی تعاون پر مبنی علاقائی و عالمی نظام کے فروغ میں مدد ملے گی۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More