Daily azad
Daily azad breaking news urd newspaper quetta

بزرگوں کے احترام اور فلاح کو یقینی بنانا اجتماعی ذمہ داری ہے، گورنر بلوچستان

کوئٹہ، یکم اکتوبر: گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے بزرگوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بزرگ شہری ہمارے معاشرے کا قیمتی سرمایہ اور اجتماعی دانش، تجربے اور تہذیبی ورثے کے امین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بزرگوں کی زندگی بھر کی محنت، بصیرت اور تجربات آنے والی نسلوں کے لیے فکری رہنمائی کا اہم ذریعہ ہیں۔ ایک مہذب اور ترقی یافتہ معاشرہ اپنے بزرگوں کو بوجھ نہیں سمجھتا بلکہ ان کے وقار، حقوق اور ضروریات کا احترام کرتے ہوئے انہیں معاشرے کا فعال اور قابلِ قدر حصہ بناتا ہے۔

گورنر بلوچستان نے کہا کہ ہماری قومی اقدار اور روایات بھی بزرگوں کے احترام، خدمت اور نگہداشت کا درس دیتی ہیں۔ عمر کے آخری حصے میں بزرگ شہریوں کو مالی عدم تحفظ، صحت کے مسائل اور سماجی تنہائی کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بزرگ شہریوں کے لیے معیاری طبی سہولیات، سماجی تحفظ، باعزت زندگی اور بنیادی خدمات تک مساوی رسائی یقینی بنانا حکومت، معاشرے اور ہر فرد کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انہوں نے تعلیمی اداروں، کمیونٹی مراکز اور مختلف سماجی پلیٹ فارمز پر ایسے پروگرامز کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیا جہاں بزرگ اپنے تجربات، علم اور زندگی کی بصیرت نوجوان نسل کے ساتھ شیئر کر سکیں۔ اس سے نسلوں کے درمیان تعلق مضبوط ہوگا اور بزرگوں کا قیمتی تجربہ آئندہ نسلوں تک منتقل ہوگا۔

گورنر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے بزرگوں کے تجربات اور مشاہدات سے سیکھیں، ان کے ساتھ وقت گزاریں اور ان کی عزت و تکریم کو اپنی سماجی ذمہ داری سمجھیں۔

انہوں نے کہا کہ بزرگ ہماری ماضی کی یاد نہیں بلکہ ہمارے حال کی رہنمائی اور مستقبل کے لیے قیمتی سرمایہ ہیں۔ بزرگوں کا احترام محض ایک روایت نہیں بلکہ ہماری اخلاقی اور سماجی ذمہ داری ہے۔ ان کی عزت، نگہداشت اور فلاح کو یقینی بنا کر ہم اپنی اقدار کا تحفظ کرنے کے ساتھ ایسا معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں جہاں ہر عمر کے فرد کو وقار، تحفظ اور احترام کے ساتھ زندگی گزارنے کا حق حاصل ہو۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More