Daily azad
Daily azad breaking news urd newspaper quetta

بلوچستان میں زرعی ترقی کیلئے عالمی اداروں سے تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے: گورنر

گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ صوبے کے دورافتادہ اور پسماندہ اضلاع میں بنیادی سہولیات اور روزگار کے مواقع کی فراہمی کے لیے بین الاقوامی ترقیاتی اداروں کے تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ چھوٹے کاشتکاروں، زمینداروں، مالداروں، خواتین اور نوجوانوں کو ترقیاتی پروگراموں کا حصہ بنا کر دیہی معیشت کو مضبوط کیا جاسکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن (ایف اے او) بلوچستان سب آفس کے سربراہ ولید مہدی کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں مراد خان میاخیل، ناصر جمال جوگیزئی اور محمد صادق آغا بھی موجود تھے۔

ملاقات میں بلوچستان میں زرعی ترقی، لائیو اسٹاک، باغبانی، خوراک کے تحفظ، کسانوں کی تربیت، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے اور دورافتادہ اضلاع میں ترقیاتی پروگراموں کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان کی معیشت میں زراعت، باغات اور لائیو اسٹاک کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ جدید زرعی ٹیکنالوجی، بہتر بیج، مؤثر آبپاشی کے نظام، موسمیاتی تبدیلی سے ہم آہنگ طریقہ ہائے کاشت اور کسانوں کی جدید تربیت کے ذریعے زرعی پیداوار میں نمایاں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ زراعت، باغات اور لائیو اسٹاک کو جدید خطوط پر استوار کرکے صوبے کو خوراک کے شعبے میں خودکفیل بنانے کے ساتھ ہزاروں افراد کے لیے روزگار اور کاروبار کے نئے مواقع پیدا کیے جاسکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے کسانوں کو جدید تحقیق، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، مارکیٹ تک رسائی اور ویلیو ایڈیشن کی سہولیات فراہم کرنا ضروری ہے۔

گورنر نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، مون سون کی بارشوں اور پانی کی کمی کے پیش نظر کم پانی استعمال کرنے والی فصلوں، جدید آبپاشی اور ماحول دوست زرعی طریقوں کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں انفرااسٹرکچر کی تعمیر، عوامی فلاح و بہبود اور دورافتادہ علاقوں کی ترقی کے لیے اقوام متحدہ کے ذیلی اداروں سمیت بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ خوشگوار تعلقات برقرار ہیں، جن کے مثبت اثرات تعلیم، صحت، زراعت اور صاف پانی سمیت مختلف شعبوں میں سامنے آرہے ہیں۔

اس موقع پر ایف اے او بلوچستان کے سربراہ ولید مہدی نے گورنر بلوچستان کو زرعی یونیورسٹی بلوچستان کے زیر اہتمام 19 اضلاع کے زمینداروں اور کسانوں کے لیے منعقد ہونے والے پروگرام میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی دعوت دی۔

انہوں نے بتایا کہ پروگرام کا مقصد کسانوں اور زمینداروں کو جدید زرعی طریقوں، پیداواری صلاحیت میں اضافے اور جدید ٹیکنالوجی سے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہے۔

ولید مہدی نے کہا کہ زراعت کو صرف پیداوار تک محدود رکھنے کے بجائے اسے مکمل ویلیو چین، فوڈ پروسیسنگ، کولڈ اسٹوریج، پیکیجنگ اور مارکیٹنگ سے منسلک کرنا ہوگا تاکہ کسانوں کو ان کی پیداوار کا بہتر معاوضہ مل سکے اور مقامی سطح پر معاشی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More