وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے زراعت کے شعبے میں خود کفالت کے حصول کے لیے پہلی مرتبہ 50 کروڑ روپے مختص کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقامی کسانوں اور زمینداروں کو جدید سہولیات، معیاری بیج، زرعی مشینری اور بہتر مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
مجوزہ زرعی پالیسی پر پارلیمانی کمیٹی کو بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کسان کارڈ متعارف کرانے، دیہی سطح پر کسان تنظیموں کو منظم کرنے اور نجی شعبے کے تعاون سے علاقائی سطح پر ایگری مالز قائم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے فشریز کے شعبے میں جدید لیبارٹریوں اور ہیچریز کی بہتری پر بھی زور دیا۔ وزیراعلیٰ نے مجوزہ زرعی پالیسی آئندہ کابینہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی تاکہ اس پر جلد عمل درآمد شروع کیا جا سکے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ نے سماجی شعبے کے لیے تقریباً ساڑھے 6 ارب روپے کا انڈومنٹ فنڈ قائم کرنے کی تجویز دیتے ہوئے متعلقہ حکام پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جو ایک ہفتے میں سفارشات پیش کرے گی۔ فنڈ کے ذریعے خصوصی افراد، بیواؤں، خواتین اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور روزگار کے مواقع بڑھانے پر توجہ دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے مستحق افراد کو بینکوں کے ذریعے رعایتی قرضے فراہم کرنے، خصوصی افراد کو مرحلہ وار الیکٹرک وہیل چیئرز دینے اور دارالامان کو فعال بنانے کی ہدایات بھی جاری کیں۔
ریجنل پیس کمیٹی کے وفد سے ملاقات میں امجد حسین نے کہا کہ گلگت بلتستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے امن بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت غربت، بے روزگاری اور عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے۔ ان کے مطابق پارلیمانی امن کمیٹی جلد قائم کی جائے گی، جو ریجنل پیس کمیٹی کے ساتھ مل کر امن اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے کام کرے گی۔ وفد نے حکومت کی ترقیاتی اور امن کوششوں میں غیر مشروط تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ادھر اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر اور پاکستان میں یونیسف کے کنٹری ڈائریکٹر پرنیل آئرن سائیڈ سے ملاقات میں وزیراعلیٰ نے بچوں میں غذائی قلت اور نشوونما کی کمی، خواتین کی بہبود اور صحت و تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے دور دراز علاقوں کے اسکولوں میں بچوں کے لیے کھانے کا پروگرام شروع کرنے، ہسپتالوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے، ویکسینیشن اور گلیشیئرز کے تحفظ کے لیے یونیسف کے تعاون کی ضرورت پر بھی بات کی۔
پرنیل آئرن سائیڈ نے صحت، تعلیم، بچوں کی نشوونما اور خواتین میں غذائی قلت کے مسائل سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں صوبائی وزرا اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔