اسلام آباد، 13 اکتوبر: سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے نئے انتظامی سیٹ اپ کی کامیابی کا دارومدار عوام کو ریلیف دینے اور عملی اقدامات پر ہوگا، جبکہ اس کی کارکردگی کا جائزہ 30، 60 اور 180 دن کی بنیاد پر لیا جائے گا۔
نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ پاکستان کے قومی پرچم اور ترانے کی مخالفت کسی صورت قابل قبول نہیں اور ملک سے بڑھ کر کوئی شخصیت یا سیاسی جماعت نہیں۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے مؤثر حکمت عملی اور سنجیدہ اقدامات ضروری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فوج سے ہر مسئلے کے حل کی توقع رکھنا درست نہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ، معیشت کو سہارا دینے اور سرمایہ کاری کے فروغ سمیت مختلف معاملات میں فوج سے توقعات وابستہ کی جاتی ہیں، تاہم تمام اداروں کو اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے ذمہ داریاں ادا کرنی چاہئیں۔
خیبرپختونخوا کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واوڈا نے صوبے میں گزشتہ 13 سال کی حکومتی کارکردگی کا جائزہ لینے اور دہشت گردی کے بڑھتے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کے مطابق نئے انتظامی سیٹ اپ کو کارکردگی دکھانے کے لیے 180 دن دیے گئے ہیں، تاہم ابتدائی جائزے 30 اور 60 دن بعد بھی لیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نئے انتظامی سیٹ اپ کے لیے ناکامی کی گنجائش نہیں اور عوام کو سیاسی نعروں کے بجائے تعلیم، صحت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی سمیت عملی اقدامات درکار ہیں۔
فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی اور قومی مسائل کے حل کے لیے سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر کام کرنا ہوگا اور ملک کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے۔