Daily azad
Daily azad breaking news urd newspaper quetta

چمن میں پولیو کے خاتمے کے لیے والدین اور معاشرتی رہنماؤں سے تعاون کی اپیل

چمن، 23 اکتوبر 2026ء: عالمی یومِ انسدادِ پولیو کے موقع پر گورنمنٹ ڈگری کالج ہال چمن میں آگاہی تقریب منعقد ہوئی، جس میں ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی، پاک فوج کے کمانڈنٹ کرنل عثمان، کالج پرنسپل عجیب خان مروت، قبائلی و سماجی رہنماؤں، پولیس حکام، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے نمائندوں نے شرکت کی۔

تقریب کا مقصد عوام میں پولیو سے بچاؤ کے بارے میں شعور اجاگر کرنا اور بچوں کو اس بیماری اور اس کے نتیجے میں ہونے والی عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رکھنے کے لیے ویکسین کی اہمیت واضح کرنا تھا۔

مقررین نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ قومی ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے والدین، قبائلی و سماجی رہنماؤں، علمائے کرام، اساتذہ، میڈیا، سول انتظامیہ، سیکیورٹی اداروں اور محکمہ صحت کو اپنا مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے والدین پر زور دیا کہ پانچ سال سے کم عمر ہر بچے کو ہر پولیو مہم کے دوران قطرے ضرور پلوائیں اور پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ کوئی بچہ اس حفاظتی سہولت سے محروم نہ رہے۔

مقررین نے پولیو ورکرز اور سیکیورٹی اہلکاروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ فرنٹ لائن پر کام کرنے والے کارکن بچوں کے محفوظ مستقبل اور صحت مند معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

تقریب کے اختتام پر نمایاں خدمات انجام دینے والے افراد، صحافیوں اور دیگر شرکاء میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔ شرکاء نے عزم ظاہر کیا کہ چمن سمیت پورے ملک کو پولیو سے پاک بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More