کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایئربلیو کی لاہور اور اسلام آباد سے آنے والی پہلی پروازوں کا استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر طیاروں کو روایتی واٹر کینن سلامی دی گئی، کیک کاٹا گیا اور مسافروں کا پرتپاک خیرمقدم کیا گیا۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق لاہور سے ایئربلیو کی پرواز پی اے 503 سہ پہر 3 بج کر 25 منٹ پر کوئٹہ پہنچی، جبکہ اسلام آباد سے آنے والی پرواز پی اے 501 سہ پہر 3 بج کر 45 منٹ پر ایئرپورٹ پر اتری۔
استقبالیہ تقریب میں ایئرپورٹ منیجر نے چیف سیکیورٹی آفیسر اور ایئربلیو کے ڈائریکٹر آپریشنز کے ہمراہ شرکت کی۔
نئے شیڈول کے تحت ایئربلیو کوئٹہ اور لاہور کے درمیان ہفتے میں تین، جبکہ کوئٹہ اور اسلام آباد کے درمیان ہفتے میں دو پروازیں چلائے گی۔
ان پروازوں کے آغاز سے کوئٹہ کے فضائی رابطوں میں مزید بہتری آئے گی، مسافروں کو سفر کے اضافی مواقع میسر ہوں گے اور صوبائی دارالحکومت سے ملک کے بڑے شہروں تک آمدورفت میں سہولت پیدا ہوگی۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے کہا ہے کہ وہ مسافروں کی سہولت، ہوائی اڈوں پر مؤثر آپریشنز اور فضائی رابطوں میں بہتری کے لیے پُرعزم ہے