Daily azad
Daily azad breaking news urd newspaper quetta

پنجاب میں ستمبر کے دوران 41 ہزار سے زائد ٹریفک حادثات، 330 افراد جاں بحق

لاہور، یکم اکتوبر: پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو 1122) نے ستمبر 2026 کے دوران صوبے بھر میں 2 لاکھ 34 ہزار 91 ایمرجنسیز پر بروقت رسپانس کرتے ہوئے 2 لاکھ 35 ہزار 750 متاثرین کو ریسکیو سروسز فراہم کیں، جبکہ 41 ہزار 472 روڈ ٹریفک حادثات میں 330 افراد جاں بحق ہوئے۔

سیکریٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے ستمبر کی ماہانہ آپریشنل کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ٹریفک حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع، 21 ہزار 528 افراد کے شدید زخمی ہونے، ایک ہزار 473 آتشزدگی کے واقعات اور 143 ڈوبنے کے حادثات پر تشویش کا اظہار کیا۔

اجلاس میں تمام اضلاع کے ایمرجنسی افسران نے ستمبر کی کارکردگی، اہم واقعات، ریسپانس اور آپریشنل چیلنجز کے بارے میں بریفنگ دی۔

ہیڈ آف آپریشنز نے بتایا کہ ستمبر کے دوران حادثات اور دیگر زخمی ہونے کے 56 ہزار 529 کیسز سب سے زیادہ رہے، جبکہ دل و عروقی امراض کے 43 ہزار 669، معدہ و نظام ہاضمہ کے 35 ہزار 681، سانس کے امراض کے 20 ہزار 396، اعصابی امراض کے 17 ہزار 829، بخار کے 14 ہزار 972، خواتین و زچگی کے 8 ہزار 685، مثانے کے امراض کے 8 ہزار 77، آگ و ریسکیو کے 6 ہزار 986، نفسیاتی نوعیت کے 5 ہزار 756، شوگر کے 5 ہزار 525، جرائم سے متعلق 4 ہزار 679، کمر و جوڑوں کے درد کے 4 ہزار 600 اور الرجی کے 457 ہنگامی واقعات رپورٹ ہوئے۔

اعداد و شمار کے مطابق لاہور میں سب سے زیادہ 7 ہزار 430 ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے جن میں 8 ہزار 93 موٹر سائیکلیں شامل تھیں۔ ملتان میں 2 ہزار 827 حادثات میں 3 ہزار 286 موٹر سائیکلیں، فیصل آباد میں 2 ہزار 560 حادثات میں 2 ہزار 823، گوجرانوالہ میں ایک ہزار 937 حادثات میں 2 ہزار 108 جبکہ راولپنڈی میں ایک ہزار 587 حادثات میں ایک ہزار 603 موٹر سائیکلیں شامل تھیں۔

تونسہ شریف میں سب سے کم 125 ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے جن میں 136 موٹر سائیکلیں شامل تھیں۔

حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کے حوالے سے گوجرانوالہ میں 30، لاہور میں 29، فیصل آباد میں 27 اور رحیم یار خان میں 17 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

آتشزدگی کے واقعات میں بھی بڑے اضلاع سرفہرست رہے۔ لاہور میں 343، فیصل آباد میں 132، ملتان میں 97، راولپنڈی میں 94، رحیم یار خان میں 62 اور بہاولپور میں 55 آتشزدگی کے واقعات رپورٹ ہوئے۔

ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ ستمبر کے دوران 41 ہزار 472 ٹریفک حادثات میں 330 افراد کی ہلاکتیں باعث تشویش ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان حادثات میں 74 فیصد موٹر سائیکلیں شامل تھیں۔

انہوں نے موٹر سائیکل سواروں پر زور دیا کہ محفوظ ڈرائیونگ کو یقینی بنائیں، سڑک کے بائیں جانب سفر کریں اور رفتار 50 کلومیٹر فی گھنٹہ سے کم رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ رفتار میں ہر ایک کلومیٹر فی گھنٹہ اضافہ مہلک حادثے کے خطرے کو 4 سے 5 فیصد تک بڑھا دیتا ہے.

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More