آئی آئی یو آئی اسلام آباد سکول بھارہ کہو کیمپس اور اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے درمیان صحافیوں اور ان کے اہلِ خانہ کے بچوں کو معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔
معاہدے کے تحت اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے ممبران کے بچوں کو سکول میں معیاری تعلیم، بہتر تعلیمی ماحول اور خصوصی سہولیات کے ساتھ تعلیمی فیس میں رعایت فراہم کی جائے گی۔
اس موقع پر اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے صدر فیاض تنولی نے کہا کہ صحافیوں اور ان کے اہلِ خانہ کی فلاح و بہبود کے ساتھ بچوں کے روشن مستقبل کے لیے بہتر تعلیمی مواقع کی فراہمی بھی یونین کی ترجیحات میں شامل ہے۔
چیئرمین آئی یو جے شاہنواز خان نے سکول انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صحافی برادری کے بچوں کے لیے تعلیمی سہولیات کی فراہمی ایک اہم اقدام ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی صحافیوں اور ان کے اہلِ خانہ کی فلاح کے لیے ایسے اقدامات جاری رہیں گے۔