Daily azad
Daily azad breaking news urd newspaper quetta

تعلیم پاکستان کے انسانی سرمائے اور معاشی مستقبل کی بنیاد ہے: ماہرین

سینٹر فار ایرو اسپیس اینڈ سکیورٹی اسٹڈیز (CASS) لاہور میں ’’انسانی سرمایہ خطرے میں: تعلیم، ریاستی صلاحیت اور پاکستان کا ترقیاتی چیلنج‘‘ کے عنوان سے گول میز مباحثہ منعقد ہوا، جس میں ماہرینِ تعلیم، دانشوروں اور متعلقہ شعبوں کے ماہرین نے پاکستان کے تعلیمی نظام اور انسانی سرمایہ کی ترقی کو درپیش چیلنجز پر غور کیا۔

CASS لاہور کی ریسرچ اسسٹنٹ فائزہ عابد نے افتتاحی کلمات پیش کیے۔ لمز اسکول آف ایجوکیشن کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر صوفیہ انیس صدیقی نے پاکستان کے تعلیمی بحران کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ملک میں 25 سے 26 ملین بچے اسکول سے باہر ہیں، ہیومن کیپیٹل انڈیکس 0.41 ہے جبکہ تعلیم پر جی ڈی پی کا صرف 0.8 فیصد خرچ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیلنج محض تعلیمی رسائی اور نتائج تک محدود نہیں بلکہ تعلیم کے تصور اور اس کے وسیع تر سماجی کردار سے بھی جڑا ہے۔

ڈاکٹر صوفیہ انیس صدیقی نے اساتذہ اور فنی و پیشہ ورانہ تعلیم کے راستوں کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے ابلاغ، موافقت پذیری اور ڈیجیٹل مہارتوں میں موجود خلا کو دور کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادیاتی، سماجی، معاشی اور تکنیکی ضروریات سے ہم آہنگ تعلیم کا وسیع تر تصور اپنانا ہوگا۔

حکومت سندھ کے اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کی چیف ایگزیکٹو ایڈوائزر ڈاکٹر فوزیہ خان نے مؤثر تعلیمی نظم و نسق کو طویل المدتی انسانی سرمایہ سازی کے لیے بنیادی قرار دیا۔ انہوں نے انسانی سرمایہ کی ترقی کو تعلیم کے مسلسل عمل سے تعبیر کرتے ہوئے داخلہ، تسلسل، پیش رفت اور سیکھنے کے چار باہم مربوط مراحل کی نشاندہی کی۔

ڈاکٹر فوزیہ خان نے مؤثر منصوبہ بندی، اعداد و شمار پر مبنی فیصلہ سازی، اساتذہ کے پیشہ ورانہ انتظام، مناسب وسائل اور کمیونٹی کی بامعنی شمولیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اصلاحات کو پائیدار حکومتی ڈھانچوں، شواہد پر مبنی عمل درآمد اور مربوط شراکت داری کے ساتھ آگے بڑھانا ضروری ہے۔

اختتامی کلمات میں CASS لاہور کے صدر ایئر مارشل عاصم سلیمان (ر) نے تعلیم کو پاکستان کے انسانی سرمائے، سماجی ترقی اور معاشی مستقبل کی بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے صرف رسائی میں اضافہ کافی نہیں بلکہ سیکھنے کے معیار اور تعلیمی اداروں کی استعداد کو بھی بہتر بنانا ہوگا۔

انہوں نے صنف، جغرافیے اور آمدنی کی بنیاد پر تعلیمی مواقع اور نتائج میں موجود عدم مساوات دور کرنے، تعلیم کو مہارتوں، روزگار، سماجی تحفظ اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز سے مربوط کرنے پر زور دیا۔

ایئر مارشل عاصم سلیمان نے تعلیمی نتائج میں بہتری، سرمایہ کاری کو مؤثر تعلیمی سہولیات اور نتائج میں تبدیل کرنے، اور تعلیم کو طویل المدتی انسانی سرمایہ حکمتِ عملی سے ہم آہنگ کرنے کو مستقبل کی اہم ترجیحات قرار دیا۔

مباحثے کے اختتام پر سوال و جواب کی نشست ہوئی، جس میں اساتذہ کی تربیت، ہوم اسکولنگ، تعلیمی معیار اور پاکستان کو درپیش تعلیمی و مالی چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے CASS لاہور کی جانب سے اہم تعلیمی موضوع پر فکر انگیز مباحثے کے انعقاد کو سراہا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More