Daily azad
Daily azad breaking news urd newspaper quetta

اسحاق ڈار کا پاکستان، چین اسٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط بنانے پر زور

اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستان اور چین کے درمیان آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مختلف شعبوں میں مزید وسعت دینے اور مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

نائب وزیراعظم نے یہ بات چین کے لیے نامزد پاکستانی سفیر علی اسد گیلانی سے ملاقات کے دوران کہی، جنہوں نے ہفتہ کو اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور چین کے باہمی تعلقات اور دوطرفہ تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسحاق ڈار نے تجارت اور سرمایہ کاری، علاقائی رابطوں، پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک)، زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی اہمیت اجاگر کی۔

نائب وزیراعظم نے علی اسد گیلانی کو چین میں پاکستان کا سفیر نامزد ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنی آزمودہ اور دیرینہ دوستی کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے ایڈیشنل سیکریٹری ایشیا پیسیفک کی حیثیت سے علی اسد گیلانی کی خدمات کو سراہتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کا تجربہ پاکستان اور چین کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔

اسحاق ڈار نے نامزد سفیر کے لیے چین میں نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More