Daily azad
Daily azad breaking news urd newspaper quetta

دُکی میں زیرِزمین پانی کے غیر قانونی استعمال کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان، اجازت کے بغیر ٹیوب ویل چلانے پر پابندی

ڈپٹی کمشنر دُکی فضل الرحمن کبدانی نے ضلع میں زیرِزمین پانی کے غیر قانونی استعمال کے خلاف سخت اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے تمام متعلقہ افراد کے لیے قانونی اجازت اور این او سی حاصل کرنا لازمی قرار دے دیا ہے۔

جاری پبلک نوٹس کے مطابق صوبائی واٹر پالیسی ایکٹ، بلوچستان واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور متعلقہ قوانین کے تحت ضلع دُکی میں زیرِزمین پانی کے قانونی استعمال کے لیے افراد، زمینداروں، زمین مالکان، ٹھیکیداروں اور دیگر متعلقہ افراد کو ضلعی واٹر مینجمنٹ کمیٹی سے این او سی حاصل کرنا ہوگا۔

نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ اجازت کے بغیر زمین سے زیرِزمین پانی نکالنے یا زرعی ٹیوب ویل چلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

پبلک نوٹس کے مطابق 1978 کے واٹر ایکٹ کے تحت زیرِزمین پانی کا غیر قانونی استعمال قابلِ تعزیر جرم ہے، جس پر ایک سال تک قید، جرمانہ یا دونوں سزائیں ہوسکتی ہیں۔

نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ غیر قانونی سرگرمیوں میں استعمال ہونے والی ڈرلنگ مشینری، سولر پینلز، موٹرز، پائپس اور دیگر متعلقہ آلات کو سرکاری تحویل میں لے کر ضبط کیا جائے گا جبکہ اس حوالے سے کسی قسم کی سفارش، درخواست یا اعتراض قابلِ قبول نہیں ہوگا۔

تمام متعلقہ محکموں، بالخصوص زراعت، آبپاشی، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق اس اقدام کا مقصد زیرِزمین پانی کے ذخائر کا تحفظ، پانی کے غیر قانونی استعمال کی روک تھام اور ضلع میں آبی وسائل کے منظم اور قانونی استعمال کو یقینی بنانا ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More