Daily azad
Daily azad breaking news urd newspaper quetta

جمہوریت کے عالمی دن پر وزیراعظم شہباز شریف کا بنیادی جمہوری اقدار کے تحفظ کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد، 15 ستمبر 2026: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جمہوریت کے عالمی دن کے موقع پر کہا ہے کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر جمہوریت کی بنیادی اقدار، مساوات، انصاف اور آزادی کے عزم کی تجدید کرتا ہے، عوام کی رائے کے احترام، انسانی وقار کے تحفظ اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔

اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ جمہوری نظام حکومت میں اختیار عوام کے منتخب نمائندوں کے ذریعے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، جبکہ پارلیمنٹ ملک کا مرکزی جمہوری ادارہ ہونے کے ناطے عوام کی آواز اور ان کی امنگوں کی نمائندگی کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان ریاست اور شہریوں کے درمیان تعلقات کے لیے قانونی فریم ورک فراہم کرتا ہے۔ آئین کا آرٹیکل 25 تمام شہریوں کے مساوی حقوق اور قانون کے سامنے برابری کی ضمانت دیتا ہے۔ قومی سطح پر آئین وفاقی اکائیوں کے کردار کا تعین، قومی اداروں کی آئینی حیثیت کا تحفظ اور حکمرانی و انتظامی امور کے لیے فریم ورک فراہم کرتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے وفاقی پارلیمانی جمہوری نظام میں پارلیمنٹ کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوامی مفاد اور اسلامی اصولوں کے مطابق قانون سازی کرے۔

انہوں نے کہا کہ عصر حاضر کے بدلتے تقاضوں کے پیش نظر عوامی امنگوں اور لوگوں کی ضروریات کے مطابق قوانین وضع کرنا پارلیمنٹ کی بنیادی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔

وزیراعظم کے مطابق موجودہ دور کے چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے اور ملک کے خوشحال مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے ان بنیادی جمہوری اقدار کے تحفظ اور فروغ کے عزم پر قائم رہنا ناگزیر ہے جو عوامی فلاح کی بنیاد ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ آئین پاکستان قومی زندگی کے تمام شعبوں میں خواتین کی مکمل شرکت یقینی بنانے کے ریاستی عزم کی واضح توثیق کرتا ہے۔ خواتین کی مؤثر نمائندگی یقینی بنانے کے لیے وفاقی اور صوبائی قانون ساز اداروں میں ان کے لیے مخصوص نشستیں رکھی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریاست اقلیتوں کے حقوق، مفادات اور جائز خدشات کے تحفظ کے لیے بھی پرعزم ہے۔ غیر مسلم اقلیتوں کی نمائندگی یقینی بنانے کے لیے وفاقی اور صوبائی قانون ساز اداروں میں ان کے لیے بھی مخصوص نشستیں فراہم کی گئی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے اور جمہوری اصولوں کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ پاکستان اقوام متحدہ کے مقرر کردہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے بھی مربوط کوششیں کر رہا ہے، جن میں جمہوریت، امن و انصاف کے فروغ اور مضبوط و مؤثر اداروں کی تشکیل شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے عالمی دن پر ہمیں بہترین پارلیمانی روایات کے مطابق جمہوری اقدار کے فروغ، شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور ملک کے خوشحال مستقبل کی تعمیر کے لیے اپنے اجتماعی عزم کی تجدید کرنی چاہیے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More