Daily azad
Daily azad breaking news urd newspaper quetta

خواتین اور بچوں کو محفوظ ماحول کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے، ربابہ بلیدی

صوبائی مشیر برائے محکمہ ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے ویمن اینڈ جووینائل فسیلیٹیشن سینٹر کا دورہ کیا اور مرکز کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر اے آئی جی جینڈر اسرار احمد عمرانی اور سینٹر انچارج شازیہ عمران نے صوبائی مشیر کو مرکز کے مختلف شعبوں، خواتین اور کم عمر متاثرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات، شکایات کے اندراج، قانونی معاونت اور دیگر اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے مرکز کے مختلف شعبوں کا دورہ کرتے ہوئے وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام سے مختلف امور پر معلومات حاصل کیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں کو محفوظ، باوقار اور معاون ماحول فراہم کرنا حکومت بلوچستان کی اہم ذمہ داری ہے۔ خواتین اور کم عمر متاثرین کو بروقت قانونی، سماجی اور ادارہ جاتی معاونت فراہم کرنے کے لیے مؤثر نظام ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ویمن اینڈ جووینائل فسیلیٹیشن سینٹر جیسے ادارے خواتین اور بچوں کو درپیش مسائل کے حل اور انہیں انصاف تک رسائی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

صوبائی مشیر نے کہا کہ ایسے مراکز میں سہولیات کی بہتری، ادارہ جاتی تعاون اور متعلقہ محکموں کے درمیان مؤثر رابطے کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ ترقی نسواں خواتین کے تحفظ، بااختیار بنانے اور انہیں درپیش مسائل کے مؤثر حل کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر اقدامات جاری رکھے گا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More