Daily azad
Daily azad breaking news urd newspaper quetta

موسمیاتی آفات سے 4 کروڑ افراد کی نقل مکانی، پارلیمنٹ مؤثر قانون سازی کرے: ڈاکٹر مصدق ملک

وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے پارلیمنٹ پر زور دیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات کے باعث بڑھتی ہوئی نقل مکانی سے نمٹنے کے لیے مؤثر قانون سازی کی جائے تاکہ بے گھر ہونے والے افراد کی نقل مکانی کو محفوظ، منظم اور شفاف بنایا جا سکے۔

پارلیمنٹ کے کردار اور نقل مکانی کے بہتر انتظام سے متعلق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان کو بڑے پیمانے پر بے گھری اور نقل مکانی کے بڑھتے ہوئے چیلنج سے نمٹنے کے لیے جامع قانونی فریم ورک کی ضرورت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ پانچ سیلابوں کے دوران موسمیاتی آفات کے باعث تقریباً 4 کروڑ افراد کو نقل مکانی کرنا پڑی، جبکہ تقریباً 7 ہزار افراد جاں بحق اور 17 ہزار کے قریب زخمی یا مستقل طور پر معذور ہوئے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ اعداد و شمار موسمیاتی آفات کی انسانی قیمت کی سنگینی کو ظاہر کرتے ہیں، تاہم نقل مکانی کو صرف اعداد و شمار تک محدود نہیں کیا جا سکتا۔ اس کے نتیجے میں لوگ اپنے گھر، روزگار، اسکول اور پوری برادریوں سے محروم ہو جاتے ہیں۔

انہوں نے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بچوں، والدین اور پوری آبادیوں کو اپنے گھروں سے بے دخل ہونا پڑا، جبکہ کئی علاقوں میں اسکول اور عبادت گاہیں بھی سیلابی پانی کی نذر ہوئیں۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ موسمیاتی نقل مکانی کے بڑھتے ہوئے مسئلے سے نمٹنے کے لیے قانون سازی کے ذریعے نقل مکانی کے نظام کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔ پارلیمنٹ اس حوالے سے ایسا قانونی ڈھانچہ فراہم کر سکتی ہے جو متاثرہ افراد کے تحفظ اور نقل مکانی کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنائے۔

انہوں نے کہا کہ بار بار آنے والے سیلابوں نے واضح کر دیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کس بڑے پیمانے پر انسانی زندگیوں، روزگار اور آبادیوں کو متاثر کر رہی ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر پالیسی سازوں اور قانون سازوں کو متاثرہ آبادیوں کی ضروریات کے مطابق مؤثر اور مربوط نظام تشکیل دینا ہوگا۔

وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ ان کی گفتگو کا بنیادی محور موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں ہونے والی نقل مکانی ہے، تاہم نقل مکانی اور بے گھری کو سکیورٹی، معاشی اور دیگر پہلوؤں سے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ پارلیمنٹ کا کردار اس لیے انتہائی اہم ہے کہ وہ مربوط، محفوظ، منظم اور شفاف نقل مکانی کے نظام کے لیے ضروری قانونی بنیاد فراہم کر سکتی ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More