Daily azad
Daily azad breaking news urd newspaper quetta

گورنر سندھ: نوجوان پاکستان کا مستقبل ہی نہیں، حال بھی ہیں، جدید ہنر اور ٹیکنالوجی وقت کی اہم ضرورت ہے

کراچی (22 اگست): گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان کی سب سے بڑی طاقت اس کی نوجوان آبادی ہے، نوجوان نہ صرف ملک کا مستقبل بلکہ حال بھی ہیں، انہیں جدید ہنر، عملی تربیت اور ٹیکنالوجی سے آراستہ کرکے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی رفتار تیز کی جاسکتی ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار اپ ٹیک وژن 2026 کی اختتامی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر سندھ نے نوجوانوں کی تعلیم، جدید مہارتوں اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے اپ ٹیک لرننگ پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔
سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے نوجوانوں کے ساتھ مل کر 2047ء کا وژن تشکیل دیا ہے، جسے حقیقت میں تبدیل کرنے کی ذمہ داری آج کے نوجوانوں پر عائد ہوتی ہے۔ نوجوان اپنی صلاحیت، محنت اور ہنر کے ذریعے اس خواب کو عملی تعبیر دے سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت ہنرمند نوجوانوں کے لیے بیرون ملک روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے اقدامات جاری ہیں، جبکہ یوتھ ہب کے ذریعے تعلیم، روزگار، ہنر اور دیگر مواقع تک نوجوانوں کی رسائی بہتر بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ دنیا تیزی سے تبدیل ہورہی ہے اور مصنوعی ذہانت و ڈیجیٹل ٹیکنالوجی معیشت کی نئی سمت متعین کررہی ہیں۔ موجودہ دور میں صرف ڈگری کافی نہیں بلکہ جدید ہنر، عملی تربیت، تخلیقی سوچ اور مسائل حل کرنے کی صلاحیت بنیادی ضرورت بن چکی ہے۔
انہوں نے تعلیمی اداروں اور صنعت کے درمیان رابطے کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صنعت کو نوجوانوں کے لیے انٹرن شپ، عملی تربیت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ نئی چیزیں سیکھیں، تجربات کریں اور نہ صرف اپنے لیے بلکہ دوسروں کے لیے بھی مواقع پیدا کریں۔ علم، ہنر اور ٹیکنالوجی کو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے استعمال کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ 2047ء میں جب پاکستان اپنی آزادی کی صد سالہ سالگرہ منائے گا تو آج کے نوجوان ملک کی قیادت کررہے ہوں گے اور دنیا کو بتائیں گے کہ ہم پاکستان ہیں۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More