اسلام آباد، 24 اکتوبر: حکومت پاکستان نے سابق امریکی سفارت کار زلمے خلیل زاد کی جانب سے پاکستان پر سابق افغان شہریوں کو طالبان اور ان سے وابستہ دہشت گرد گروہوں کے خلاف لڑنے کے لیے مسلح کرنے کے الزامات کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔
وزارتِ اطلاعات و نشریات کے فیکٹ چیک بیان کے مطابق پاکستان کے جائز انسدادِ دہشت گردی اقدامات کو افغانستان کے اندر افغان شہریوں کی بھرتی یا مسلح گروہوں کی سرپرستی سے جوڑنا حقائق کو غلط انداز میں پیش کرنے کے مترادف ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے اور علاقائی امن و سلامتی کے تحفظ کے لیے بے شمار قربانیاں دے چکا ہے۔ ملک کی انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں کا مقصد اپنے شہریوں کو دہشت گرد تنظیموں کے خطرات سے محفوظ رکھنا ہے۔
وزارتِ اطلاعات نے اقوام متحدہ کی مانیٹرنگ رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان رپورٹس میں افغانستان کے اندر تحریک طالبان پاکستان اور القاعدہ سمیت دہشت گرد تنظیموں کی موجودگی اور سرگرمیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ بیان میں افغان طالبان حکام پر زور دیا گیا کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔
بیان میں یہ مؤقف بھی اختیار کیا گیا کہ افغانستان میں سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس اور پاکستان کو لاحق سکیورٹی خطرات سے توجہ ہٹانے کے بجائے ان مسائل کے حل پر توجہ دی جانی چاہیے۔ وزارت نے زلمے خلیل زاد کے الزامات کو غیر مصدقہ قرار دیتے ہوئے ان کے مؤقف پر سوال اٹھایا۔
پاکستان نے ایک بار پھر دہشت گردی کے خلاف اپنے عزم، قومی سلامتی کے تحفظ اور خطے میں پائیدار امن کے لیے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزارتِ اطلاعات و نشریات کے فیکٹ چیک کا پیغام ہے کہ بے بنیاد دعوؤں اور حقائق پر مبنی معلومات میں فرق رکھنا ضروری ہے اور حساس علاقائی معاملات پر رائے قائم کرتے وقت مصدقہ شواہد کو بنیاد بنایا جانا چاہیے۔