اسلام آباد، 24 اکتوبر: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف پانچ کارروائیوں کے دوران خاتون سمیت سات ملزمان کو گرفتار کرکے مجموعی طور پر تقریباً 99 کلوگرام منشیات برآمد کر لی۔ کارروائیوں میں چرس، آئس اور افیون قبضے میں لینے کے علاوہ ایک پستول اور گولیاں بھی برآمد کی گئیں۔
اے این ایف کے ترجمان کے مطابق اسلام آباد کے قریب موٹروے ٹول پلازہ پر انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر دو گاڑیوں کی تلاشی کے دوران 49.2 کلوگرام چرس برآمد کرکے خاتون سمیت پانچ ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
اسلام آباد کے علاقے غوری ٹاؤن کے قریب ایک گاڑی سے 16.8 کلوگرام چرس، 300 گرام آئس، تیس بور پستول، میگزین اور 10 گولیاں برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔
لاہور ایئرپورٹ پر سعودی عرب جانے والے ایک مسافر کے قبضے سے 2.485 کلوگرام آئس برآمد کرکے اسے گرفتار کر لیا گیا۔
ایک اور کارروائی میں ضلع چاغی میں دالبندین بائی پاس کے قریب انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر ایک گاڑی کے خفیہ خانوں سے 30 کلوگرام افیون برآمد کی گئی۔
پشاور میں ایک نجی کوریئر کمپنی کے دفتر میں موجود پارسل کی تلاشی کے دوران برقی استری کے اندر مہارت سے چھپائی گئی 300 گرام افیون بھی برآمد کر لی گئی۔
اے این ایف کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ فورس نے منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام اور اس مکروہ کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔