Daily azad
Daily azad breaking news urd newspaper quetta

بودا راک تا کیڈٹ کالج بائی پاس روڈ کا معائنہ، ترقیاتی کام تیز کرنے کی ہدایت

ڈپٹی کمشنر سکردو حمزہ مراد نے رکن گلگت بلتستان اسمبلی کاظم میثم، منصوبہ ڈائریکٹر واپڈا اور محکمہ مواصلات و تعمیرات کے ایکسیئن کے ہمراہ بودا راک تا کیڈٹ کالج بائی پاس روڈ کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کام کا تفصیلی معائنہ کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے علاقے کے عمائدین سے ملاقات کی، جنہوں نے بائی پاس روڈ کی تعمیر کے باعث معاوضوں، پینے کے پانی، آبپاشی، آمدورفت اور دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔

حمزہ مراد نے یقین دلایا کہ عوامی نوعیت کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ ایکسیئن اور ٹھیکیدار کو متاثرہ پینے کے پانی کی پائپ لائن اسی شام تک بحال کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے واپڈا پاور ہاؤس تین سے بائی پاس روڈ گزارنے کے معاملے پر واپڈا، محکمہ مواصلات و تعمیرات اور واسا کے متعلقہ افسران کو مشترکہ تکنیکی جائزہ لینے اور مستقل حل کے لیے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔

ڈپٹی کمشنر نے منصوبے پر کام کی رفتار تیز کرنے اور منظور شدہ منصوبہ دستاویز کے مطابق تعمیراتی معیار برقرار رکھنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا اور وہ آئندہ ہفتے دوبارہ موقع کا دورہ کرکے پیش رفت کا جائزہ لیں گے۔

رکن گلگت بلتستان اسمبلی کاظم میثم نے کہا کہ بائی پاس سے ملحقہ آبادیوں کی ضروریات کے مطابق رابطہ سڑکیں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے ذریعے تعمیر کی جائیں گی۔ مقامی عمائدین نے انتظامیہ کے فوری اقدامات کو سراہا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More