لاہور، 27 ستمبر 2026ء: وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ سستے پیٹرول کی اسکیم سے 60 لاکھ سے زائد مستحق افراد مستفید ہو چکے ہیں، اگر اس اسکیم کو مزید 10 ماہ جاری رکھنا پڑا تو حکومت اسے جاری رکھے گی۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ سستے پیٹرول کی اسکیم کے لیے حکومت اپنے وسائل میں کٹوتی کرے گی۔ اگر یہ اسکیم 10 ماہ تک بھی چلانی پڑی تو حکومت اپنے بجٹ سے 400 سے 500 ارب روپے کم کرکے عوام پر خرچ کرے گی۔
وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق گزشتہ ہفتے ان کے بیان کو غلط طریقے سے پیش کیا گیا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ان کا کہنا تھا کہ اگر پیٹرول کی قلت ہوئی تو قیمتوں کو کنٹرول کرنا ممکن نہیں ہوگا، تاہم پاکستان میں تیل کی قلت کبھی پیدا نہیں ہوگی۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ اپوزیشن کو چاہیے کہ سیاست بعد میں کرے اور ملک کو اولین ترجیح دے۔ ریاست کو دھمکانے والے عناصر کامیاب نہیں ہوں گے اور کسی کو ریاست پر حملہ آور ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان سے بڑھ کر کسی کا وجود ہے نہ سیاست۔ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ اسلام آباد پر چڑھ کر کسی کو آزاد کروایا جا سکتا ہے تو ریاست اتنی کمزور نہیں ہے۔
وزیر پیٹرولیم نے مزید کہا کہ سہیل آفریدی ڈیرہ اسماعیل خان اور کوہاٹ جا کر فاتحہ خوانی کریں۔