Daily azad
Daily azad breaking news urd newspaper quetta

وزیراعلیٰ امجد حسین کا گلگت بلتستان میں صحت، سیاحت، سرمایہ کاری اور عوامی خدمات کے فروغ کے لیے جامع اقدامات کا اعلان

سکردو: وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے کہا ہے کہ حکومت خطے میں صحت، سیاحت، بنیادی ڈھانچے، توانائی، سرمایہ کاری اور عوامی خدمات کے شعبوں میں بہتری کے لیے جامع اور نتیجہ خیز اقدامات کر رہی ہے، جبکہ عوامی فلاح و بہبود تمام حکومتی پالیسیوں کا مرکز ہے۔

وزیراعلیٰ نے دبئی سے آنے والے سرمایہ کاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سکردو سیاحت کے لحاظ سے منفرد مقام رکھتا ہے جبکہ گلگت بلتستان میں زراعت، پن بجلی اور معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے یک دریچہ نظام فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں متبادل توانائی کے ذرائع کی کمی کے باعث جنگلات کی کٹائی میں اضافہ ہوا ہے، اس مسئلے کے حل کے لیے بھی اقدامات ضروری ہیں۔

امجد حسین نے کہا کہ بین الاقوامی سیاحت کے فروغ کے لیے ذرائع نقل و حمل کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ ہوائی اڈوں کی توسیع و بہتری، گلگت میں بین الاقوامی ہوائی اڈے کی تعمیر اور چلاس ہوائی اڈے کی بحالی پر کام جاری ہے، جبکہ سرمائی سیاحت کے فروغ پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

انہوں نے ریجنل ہیڈکوارٹر ہسپتال سکردو کے دورے کے دوران زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور ہسپتال میں سہولیات کی فوری بہتری کے احکامات جاری کیے۔ وزیراعلیٰ نے آکسیجن پلانٹ فوری فعال کرنے، خواتین کے لیے مزید وارڈز قائم کرنے، برن یونٹ جلد فعال کرنے اور کینسر یونٹ کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

بلتستان کے علمائے کرام سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ روڈ انفراسٹرکچر، بجلی اور صاف پانی کے مسائل کے حل کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے گا۔ 250 بستروں پر مشتمل ہسپتال کی مقررہ مدت میں تکمیل اور معیاری طبی مشینری کی خریداری بھی یقینی بنائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ قدرتی وسائل کو عوام کی بہتری کے لیے استعمال کیا جائے گا، نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی نئی پالیسی تیار کی جا رہی ہے اور سماجی شعبے کو بجٹ میں خصوصی ترجیح دی جائے گی۔ دور دراز علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی اور واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کے قیام کے لیے بھی سفارشات تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ نے صحت سہولت پروگرام کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد ارشد قائم خانی سے ملاقات میں کہا کہ عوامی خدمات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ استور، ہنزہ اور سکندر آباد کے ہسپتالوں میں سہولیات بہتر بنا کر انہیں صحت سہولت پروگرام کے پینل میں شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمات فراہم کرنے والے محکموں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے خصوصی اصلاحات متعارف کرائی جائیں گی۔

امجد حسین نے کہا کہ حکومت عوام پر مزید بوجھ ڈالے بغیر صوبائی وسائل میں اضافہ کرے گی اور ان وسائل کو عوام کی فلاح و بہبود، روزگار اور معیار زندگی بہتر بنانے پر خرچ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امن، ترقی، میرٹ اور عوامی خدمت کے لیے تمام طبقات کو حکومت کے ساتھ مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More