صوبائی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان محترمہ مینا مجید بلوچ کی خصوصی ہدایت پر جی او آر کالونی فٹسال گراؤنڈ کی مرمت و بحالی کا کام مکمل کرلیا گیا، جس کے بعد طویل عرصے سے خستہ حالی کا شکار میدان دوبارہ بچوں اور نوجوانوں کی کھیلوں کی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا ہے۔
بحالی کے بعد فٹسال گراؤنڈ کو بہتر اور فعال شکل دے دی گئی ہے، جہاں بچے اور نوجوان باقاعدگی سے فٹسال سمیت مختلف کھیلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ مرمت کا کام مکمل ہونے کے بعد صوبائی مشیر مینا مجید بلوچ نے گراؤنڈ کا دورہ کیا اور کھیلوں میں مصروف بچوں اور کھلاڑیوں سے ملاقات کرکے ان کے مسائل اور ضروریات دریافت کیں۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ صوبے میں کھیلوں کے میدانوں کی بحالی، نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے اور کھیلوں کے فروغ کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے میدان آباد ہونے سے نوجوان مثبت، صحت مند اور تعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب ہوتے ہیں۔ حکومت کی ترجیح ہے کہ نوجوانوں کو بہتر کھیلوں کی سہولیات فراہم کرکے ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے مواقع دیے جائیں۔
جی او آر کالونی فٹسال گراؤنڈ کی بحالی کو علاقے کے بچوں اور نوجوانوں کے لیے مثبت پیش رفت قرار دیا جارہا ہے، جس سے کھیلوں کے فروغ کے ساتھ نوجوان نسل کو صحت مند ماحول بھی میسر آئے گا۔