حب، 7 ستمبر: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے عوام کو ان کی دہلیز پر معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے وژن کے تحت محکمہ صحت نے دور دراز علاقوں میں بنیادی مراکز صحت کی نگرانی کا عمل جاری رکھا ہوا ہے۔
ڈسٹرکٹ منیجر پی پی ایچ آئی حب ڈاکٹر مرشد دشتی نے نگرانی و جائزہ افسر کے ہمراہ دور افتادہ بنیادی مرکز صحت لوہی کا دورہ کیا اور مرکز کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا۔
مانیٹرنگ ٹیم نے طبی عملے کی حاضری، بیرونی مریضوں کی خدمات، ضروری ادویات کی دستیابی، حفاظتی ٹیکہ جات مرکز کی فعالیت، ویکسینز کی دستیابی، صحت سے متعلق اعداد و شمار کے اندراج اور مرکز میں صفائی ستھرائی کا تفصیلی معائنہ کیا۔
اس موقع پر مقررہ کارکردگی کے اعشاریوں کے مطابق بنیادی صحت کی سہولیات اور طبی خدمات کا جائزہ لیا گیا۔ حکام کے مطابق دور افتادہ علاقوں میں مراکز صحت کی باقاعدہ نگرانی کا مقصد عملے کی حاضری، ادویات اور ویکسینز کی دستیابی سمیت عوام کو بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا اور صحت کے نظام میں مزید بہتری لانا ہے۔