کوئٹہ، 11 ستمبر: چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت صوبائی انسدادِ پولیو ٹاسک فورس کا اجلاس منعقد ہوا جس میں گزشتہ انسدادِ پولیو مہم کی کارکردگی، آئندہ مہم کی تیاریوں، مائیکرو پلاننگ، ویکسی نیشن کوریج اور مختلف اضلاع میں درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی، جبکہ ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے کوآرڈینیٹر انعام الحق، اسپیشل سیکرٹری صحت شیخ بلوچ، ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، ضلعی ہیلتھ افسران اور دیگر متعلقہ حکام بھی اجلاس میں موجود تھے۔
چیف سیکرٹری شکیل قادر خان نے کہا کہ بلوچستان میں پولیو کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس مقصد کے لیے مہم کے دوران درپیش رکاوٹوں کی نشاندہی کرکے انہیں مستقل بنیادوں پر دور کیا جائے۔ انہوں نے بعض اضلاع میں ویکسی نیشن کوریج میں کمی کا جائزہ لینے اور اس کی وجوہات کا فوری تعین کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ پولیو ویکسین سے انکار اور زیرو ڈوز بچوں کے معاملات کو الگ الگ دیکھتے ہوئے ہر بچے تک رسائی یقینی بنائی جائے۔ پولیو ٹیموں اور ویکسی نیٹرز کی حاضری کی مؤثر نگرانی کی جائے اور فرائض میں غفلت یا کوتاہی کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔
چیف سیکرٹری نے متعلقہ حکام کو ضلعی سطح پر نگرانی کا نظام مزید مؤثر بنانے، عملے کی کمی دور کرنے اور آئندہ انسدادِ پولیو مہم کے مقررہ اہداف ہر صورت حاصل کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ مؤثر حکمت عملی، ذمہ داری، اخلاص اور مسلسل نگرانی کے ذریعے بلوچستان سے پولیو کا خاتمہ ممکن ہے، تاہم اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔
اجلاس میں ای او سی کوآرڈینیٹر انعام الحق نے گزشتہ انسدادِ پولیو مہمات کی کارکردگی، صوبے میں موجودہ صورتحال اور آئندہ مہم کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔