Daily azad
Daily azad breaking news urd newspaper quetta

چیئرمین سینیٹ کا عالمی برادری پر سفارت کاری، مکالمے اور انسانی وقار میں سرمایہ کاری بڑھانے پر زور

اسلام آباد، 21 ستمبر: چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ جنگ اور کشیدگی کے بجائے سفارت کاری، مکالمے، انصاف، تعلیم، ترقی اور انسانی وقار کے فروغ میں زیادہ سرمایہ کاری کی جائے تاکہ پائیدار امن کی بنیاد مضبوط کی جاسکے۔

چیئرمین سینیٹ نے یہ بات عالمی یومِ امن کے موقع پر انٹرنیشنل ہیومن رائٹس کمیشن (IHRC) کے زیر اہتمام پہلے انٹرنیشنل پیس سمٹ 2026 سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سمٹ کا موضوع ’’امن میں سرمایہ کاری، ہر ایک کے لیے، ہر جگہ، ہر روز‘‘ تھا۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں تصادم سے پہلے سفارت کاری، کشیدگی میں اضافے سے پہلے مکالمے، انتہاپسندی کے مقابلے میں تعلیم اور مایوسی کے بجائے ترقی کو ترجیح دینا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ امن محض جنگ نہ ہونے کا نام نہیں بلکہ ایسا ماحول قائم کرنا ہے جہاں سلامتی، انصاف، انسانی وقار، مواقع اور امید موجود ہوں۔ غزہ، یوکرین، سوڈان، ہیٹی اور دیگر خطوں میں جاری تنازعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جغرافیائی سیاسی مفادات کو انسانی مصائب پر غالب نہیں آنا چاہیے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ’’ہر اعداد و شمار کے پیچھے ایک انسانی زندگی ہے، ہر بے گھر خاندان کے پیچھے ایک گھر ہے اور ہر تباہ شدہ اسکول کے پیچھے ایک بچے کا تعلیمی مستقبل متاثر ہوا ہے۔‘‘

انہوں نے امن، سلامتی اور ترقی کو ایک دوسرے سے لازم و ملزوم قرار دیتے ہوئے سلامتی کے تصور کو وسیع کرنے پر زور دیا تاکہ انسانی وقار کے تحفظ کے ساتھ تعلیم، معاشی مواقع اور سماجی شمولیت کو بھی یقینی بنایا جاسکے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے پارلیمانی سفارت کاری کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ مکالمہ ذمہ دارانہ ریاستی حکمت عملی کا اہم ذریعہ ہے جبکہ پارلیمان مختلف ممالک کے درمیان اختلافات کو تشدد کے بجائے بحث و مکالمے کے ذریعے حل کرنے کے لیے مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرسکتی ہیں۔

انٹر پارلیمانی اسپیکرز کانفرنس کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارلیمانی سفارت کاری مختلف ممالک کے درمیان تعاون، تنازعات کے حل اور باہمی اعتماد کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے پرامن تنازعات کے حل، ریاستی خودمختاری اور بین الاقوامی قانون کے احترام، کثیرالجہتی تعاون اور اقوام متحدہ کی امن مشن کی کوششوں کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ تصادم کے بجائے مکالمے، انتہاپسندی کے بجائے تعلیم، مایوسی کے بجائے ترقی اور نفرت کے بجائے انسانیت کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ امن کی تعمیر ’’ہر روز، ہر جگہ اور ہر ایک کے لیے‘‘ جاری رہنی چاہیے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More