Daily azad
Daily azad breaking news urd newspaper quetta

پاکستان ایران تعلقات میں تجارت اور علاقائی تعاون کے وسیع امکانات ہیں: ایرانی سفیر

پاکستان اور ایران کے درمیان گہرے تاریخی، ثقافتی اور عوامی روابط دونوں ممالک کو مختلف شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے وسیع مواقع فراہم کرتے ہیں، جبکہ جغرافیائی قربت تجارت، رابطوں اور علاقائی اقتصادی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

یہ بات پاکستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) میں منعقدہ گول میز مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ایرانی سفیر نے کہا کہ طویل مشترکہ سرحد، بحری رابطوں اور تاریخی و عوامی تعلقات کے باعث پاکستان اور ایران دوطرفہ روابط کو مزید مستحکم کرنے میں مشترکہ مفاد رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جغرافیائی قربت نقل و حمل اور لاجسٹک اخراجات کم کرنے کے ساتھ تجارت کے فروغ کے لیے بھی اہم مواقع فراہم کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کے لیے وسطی ایشیا، قفقاز، ترکیہ اور یورپی منڈیوں تک رسائی کا دروازہ بن سکتا ہے، جبکہ پاکستان ایران کو جنوبی ایشیا اور دیگر خطوں کی منڈیوں تک رسائی فراہم کر سکتا ہے۔

سفیر نے سڑک، بحری اور ریلوے رابطوں کو دوطرفہ اقتصادی تعاون کے اہم ستون قرار دیتے ہوئے کراچی، گوادر اور بندر عباس کے درمیان تعاون کے امکانات اجاگر کیے۔ انہوں نے سرحدی گزرگاہوں میں اضافے اور سرحدی بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

انہوں نے ایران کو پاکستانی غذائی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے اور پاکستان کے ذریعے ٹرانزٹ تجارت میں اضافے کے امکانات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے زاہدان اور پاکستانی سرحد تک ریلوے انفراسٹرکچر تیار کیا ہے، تاہم مؤثر ریلوے رابطے کے لیے پاکستان کی جانب مزید ترقیاتی اقدامات درکار ہوں گے۔

علاقائی سلامتی کے حوالے سے ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے امریکہ اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران حکومت پاکستان اور عوام کی جانب سے اظہار یکجہتی کو سراہا۔ انہوں نے کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے لیے وزیر اعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور پاکستان کی اعلیٰ قیادت کی سفارتی کوششوں کو بھی سراہا۔

انہوں نے کہا کہ ایران مذاکرات اور پرامن و پائیدار حل کے لیے پرعزم ہے، تاہم ضرورت پڑنے پر سیکیورٹی چیلنجز کا جواب دینے کے لیے تیار ہے۔ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مستقبل کے سفارتی عمل میں قابل اعتبار وعدوں اور ان پر مؤثر عمل درآمد کی اہمیت مسلمہ ہے۔

ایرانی سفیر نے لبنان، شام، یمن اور غزہ میں جاری کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طویل محاذ آرائی خطے کو مزید عدم استحکام کی جانب دھکیل رہی ہے۔ انہوں نے کشیدگی کم کرنے اور پرامن حل کے لیے مسلسل سفارتی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان مضبوط اور مسلسل دوطرفہ روابط خطے میں امن و استحکام کے لیے انتہائی اہم ہیں۔

گول میز مباحثے کا اہتمام آئی ایس ایس آئی کے سینٹر فار افغانستان، مڈل ایسٹ اینڈ افریقہ نے کیا تھا، جبکہ نظامت ڈائریکٹر جنرل آئی ایس ایس آئی سفیر معین الحق نے کی۔ مباحثے میں پاکستان کے سابق سینئر سفارت کاروں، سیاست دانوں، عسکری حکام، ممتاز ماہرین تعلیم اور سیکیورٹی تجزیہ کاروں نے شرکت کی.

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More