چمن، 23 اکتوبر 2026ء: ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر چمن اشوک کمار راجپوت نے سرکاری تعلیمی اداروں میں تدریسی معیار، اساتذہ کی حاضری، نظم و ضبط اور صفائی ستھرائی بہتر بنانے کے لیے اچانک معائنے تیز کر دیے ہیں۔
اس سلسلے میں انہوں نے گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول چمن اور گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول محلہ شہسوار کا دورہ کرکے تعلیمی و انتظامی امور اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔
21 اکتوبر کو گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول چمن کے معائنے کے دوران صبح کی اسمبلی، طلبہ کی حاضری اور تعلیمی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر متعدد اساتذہ غیر حاضر پائے گئے جبکہ واش رومز کی ناقص صفائی، کمپیوٹر لیب کے غیر مؤثر استعمال اور طلبہ میں نظم و ضبط کی کمی پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
ڈی ای او نے اسکول انتظامیہ کو ایک ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے صفائی بہتر بنانے، کمپیوٹر لیب کو مؤثر طور پر استعمال کرنے، اساتذہ کی بروقت حاضری اور صبح کی اسمبلی کے باقاعدہ انعقاد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
22 اکتوبر کو گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول محلہ شہسوار کے دورے میں کلاس رومز، حاضری رجسٹر اور لاگ بک کا معائنہ کیا گیا۔ غیر حاضر اساتذہ کو وضاحت طلب نوٹس جاری کیے گئے جبکہ صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے کلاس رومز میں طلبہ سے نصابی سوالات بھی کیے اور ان کی تعلیمی استعداد کا جائزہ لیا۔ نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو نقد انعامات دیے گئے جبکہ استاد وزیر محمد کی تدریسی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ان کے لیے تعریفی خط جاری کرنے کا اعلان کیا گیا۔
اشوک کمار راجپوت نے کہا کہ سرکاری اسکولوں میں معیاری تعلیم، اساتذہ کی حاضری، نظم و ضبط اور صفائی یقینی بنانے کے لیے نگرانی جاری رہے گی۔ فرائض میں غفلت برتنے والوں کے خلاف قواعد کے مطابق کارروائی کی جائے گی جبکہ محنتی اساتذہ اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی بھی جاری رکھی جائے گی۔